بدھ 11 نومبر 2026 - 17:55
جعفر طیار لائبریری میں فکرِ اقبال پر علمی سیمینار، عصرِ حاضر میں اقبال کی فکر کی معنویت پر اظہارِ خیال

حوزہ/جعفر طیار لائبریری کراچی پاکستان میں 9 نومبر 2026ء کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کی مناسبت سے ’’فکرِ اقبال‘‘ کے عنوان سے ایک علمی و فکری سیمینار منعقد ہوا، جس میں اہلِ علم و ادب، اساتذۂ کرام، شعرائے عظام اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تقریب کی نظامت معروف شاعر قیصر عباس قیصر نے انجام دی۔ پروگرام کا آغاز سلمان زیدی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پروفیسر آصف نقوی نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں نجف زیدی نے علامہ اقبال کا کلام تحت اللفظ پیش کیا، جبکہ پروفیسر جمیل زیدی نے اپنی نظم ’’اقبال سے شکوہ‘‘ پیش کرکے سامعین سے خوب داد وصول کی۔

جعفر طیار لائبریری میں فکرِ اقبال پر علمی سیمینار، عصرِ حاضر میں اقبال کی فکر کی معنویت پر اظہارِ خیال

سیمینار میں پاکستان کی ممتاز شاعرہ، محقق اور نقاد ڈاکٹر فاطمہ حسن کی غیر متوقع آمد نے محفل کو مزید علمی وقار بخشا۔

انہوں نے علامہ اقبال کی شخصیت، فکر اور شاعری کے مختلف پہلوؤں پر نہایت عالمانہ اور بصیرت افروز اظہارِ خیال کیا۔

جعفر طیار لائبریری میں فکرِ اقبال پر علمی سیمینار، عصرِ حاضر میں اقبال کی فکر کی معنویت پر اظہارِ خیال

اس موقع پر ماہرِ اقبالیات ڈاکٹر عابد شیروانی نے ’’فکرِ اقبال عصرِ حاضر کے آئینے میں‘‘ کے موضوع پر جامع اور فکر انگیز خطاب کیا۔

انہوں نے علامہ اقبال کی غیر معمولی بصیرت اور دور اندیشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے تقریباً ایک صدی قبل اپنے عہد کے جن فکری، تہذیبی اور معاشرتی رجحانات کی نشان دہی کی تھی، ان کی معنویت آج بھی پوری طرح برقرار ہے۔

انہوں نے اقبال کے افکار کو موجودہ عالمی اور معاشرتی تناظر میں پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ اقبال کا پیغام کسی مخصوص دور یا نسل تک محدود نہیں، بلکہ ہر عہد کے انسان کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

پروگرام کے اختتام پر جعفر طیار لائبریری کے سربراہ مولانا ڈاکٹر نسیم حیدر زیدی نے تمام مہمانانِ گرامی اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کی شاعری کے قرآنی سرچشموں اور ان کے کلام میں موجود قرآنی آیات، تعلیمات اور تصورات کی تشریح و تفہیم پر روشنی ڈالی۔

جعفر طیار لائبریری میں فکرِ اقبال پر علمی سیمینار، عصرِ حاضر میں اقبال کی فکر کی معنویت پر اظہارِ خیال

انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ اقبال کی شاعری محض الفاظ و خیالات کا مجموعہ نہیں، بلکہ قرآنِ حکیم سے حاصل ہونے والی فکر، خودی، عمل، یقین اور حیاتِ انسانی کے اعلیٰ مقاصد کی ترجمان ہے۔

سیمینار میں پروفیسر اقبال حماد، پروفیسر مہدی حسن زیدی، پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر بلوچ، پروفیسر آصف نقوی، پروفیسر جمیل زیدی، پروفیسر بلال زیدی، پروفیسر کاشان علی، شاہد محی الدین، نفیس رضوی اور شہزاد سلطانی سمیت شہر کے متعدد اساتذہ، اہلِ قلم اور دانشوروں نے خصوصی شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha