بدھ 11 نومبر 2026 - 16:55
امریکی بالادستی کے نظام کا زوال اور عالمی سیاست میں تبدیلی کی دستک

حوزہ/دنیا اس وقت عالمی سیاست کے ایک غیر معمولی اور فیصلہ کن دور سے گزر رہی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل میں سامنے آنے والے انتخابی رجحانات محض سیاسی جماعتوں کی کامیابیوں اور ناکامیوں تک محدود نہیں بلکہ ان کے اندر ایک گہری نظریاتی، سماجی اور عوامی تبدیلی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ یہ تبدیلی اس عالمی سیاسی نظام کے لیے بھی ایک بڑا سوال بن رہی ہے جس کی بنیاد امریکی بالادستی، فوجی طاقت، معاشی اثرورسوخ اور اپنے اتحادیوں کے ذریعے عالمی معاملات پر کنٹرول قائم رکھنے پر رہی ہے۔

تحریر: سید انجم رضا

حوزہ نیوز ایجنسی| انتخابی نتائج، فلسطین کی حمایت، امریکی مسلم قیادت کا ابھار اور جنگی سیاست کے خلاف عوامی بغاوت کے نئے امکانات

دنیا اس وقت عالمی سیاست کے ایک غیر معمولی اور فیصلہ کن دور سے گزر رہی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل میں سامنے آنے والے انتخابی رجحانات محض سیاسی جماعتوں کی کامیابیوں اور ناکامیوں تک محدود نہیں بلکہ ان کے اندر ایک گہری نظریاتی، سماجی اور عوامی تبدیلی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔ یہ تبدیلی اس عالمی سیاسی نظام کے لیے بھی ایک بڑا سوال بن رہی ہے جس کی بنیاد امریکی بالادستی، فوجی طاقت، معاشی اثرورسوخ اور اپنے اتحادیوں کے ذریعے عالمی معاملات پر کنٹرول قائم رکھنے پر رہی ہے۔

حالیہ امریکی اور اسرائیلی انتخابی نتائج کو اسی وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ان نتائج سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ

کیا مغربی دنیا کے عوام اب جنگوں، فوجی مداخلتوں، غیر مشروط اسرائیلی حمایت اور بالادستانہ خارجہ پالیسیوں سے بیزار ہو رہے ہیں؟

کیا امریکہ اور اسرائیل کے اندر ایک نئی سیاسی و نظریاتی تبدیلی جنم لے رہی ہے؟

اور کیا یہ تبدیلی مستقبل میں عالمی طاقت کے توازن کو بھی متاثر کر سکتی ہے؟

اسرائیل میں نیتن یاہو کے سیاسی بیانیے کو چیلنج

اسرائیل کے حالیہ انتخابی رجحانات وہاں کے سیاسی اور سماجی معاشرے میں بڑھتی ہوئی تقسیم کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اسرائیلی معاشرہ نظریاتی، مذہبی، سماجی اور جنگی پالیسیوں کے حوالے سے مختلف دھڑوں میں تقسیم دکھائی دیتا ہے۔ خصوصاً غزہ کی جنگ، فلسطینی عوام کے خلاف فوجی کارروائیوں اور نیتن یاہو حکومت کی پالیسیوں نے اسرائیلی معاشرے کے اندر شدید اختلافات کو جنم دیا ہے۔

نیتن یاہو کا سیاسی مستقبل اب پہلے جیسا مستحکم دکھائی نہیں دیتا۔ اس کی سیاسی جماعت کی نشستوں میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کمی کا رجحان اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اسرائیلی سیاست میں اس کے روایتی اثرورسوخ کو چیلنج درپیش ہے۔

8 نومبر 2026ء کے اخباری منظرنامے میں نیتن یاہو کے سیاسی عروج کے خاتمے اور نئی حکومت کی تشکیل سے متعلق خبریں اس تبدیلی کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔ نئی قیادت کے سامنے حکومت سازی کا مرحلہ بھی اسرائیل کی داخلی سیاست میں نئے اتحادوں اور نئے سیاسی امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔

تاہم اسرائیل میں سیاسی تبدیلی کا مطلب محض کسی ایک رہنما کی شکست نہیں ہوگا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا اسرائیلی معاشرہ جنگ، قبضے اور مسلسل فوجی کارروائیوں پر مبنی سیاسی بیانیے سے باہر نکلنے کے لیے تیار ہو رہا ہے؟

اگر ایسا ہے تو یہ اسرائیل کی داخلی سیاست کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی آئندہ صورت حال پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔

امریکی انتخابات اور اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کے خلاف عوامی ردعمل

امریکہ کے حالیہ انتخابی نتائج میں ڈیموکریٹک امیدواروں کی کامیابیوں اور متعدد مسلم امریکی سیاست دانوں کے نمایاں ہونے کو محض جماعتی کامیابی یا ناکامی کے طور پر دیکھنا کافی نہیں ہوگا۔ ان کامیابیوں کے پس منظر میں امریکی معاشرے کے اندر پیدا ہونے والی سیاسی بے چینی، جنگ مخالف جذبات اور فلسطین کے مسئلے پر بڑھتی ہوئی عوامی حساسیت کو سمجھنا ضروری ہے۔

ماضی میں امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں، ریپبلکن اور ڈیموکریٹک، اسرائیل کی حمایت کے معاملے میں بڑی حد تک ایک دوسرے کے قریب رہی ہیں۔ دونوں جماعتوں کے متعدد رہنما عوامی سطح پر مختلف مؤقف اختیار کرتے رہے، لیکن کانگریس اور متعلقہ کمیٹیوں میں اسرائیل کی مالی و عسکری معاونت کے لیے ان کی حمایت اکثر برقرار رہی۔

غزہ میں جاری انسانی المیے اور فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں نے اس روایتی سیاسی اتفاقِ رائے کو شدید چیلنج کیا ہے۔ اب امریکی ووٹرز کا ایک طبقہ ایسے سیاست دانوں کو ترجیح دے رہا ہے جو جنگ، عسکری مداخلت اور غیر مشروط اسرائیلی حمایت کے بجائے امن، انسانی حقوق اور عوامی مفادات کی بات کرتے ہیں۔

اس تبدیلی کی ایک اہم جہت یہ ہے کہ مسلم امریکی سیاست دانوں نے صرف مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف انتخابی جدوجہد نہیں کی بلکہ اپنی اپنی جماعتوں کے اندر موجود روایتی سیاسی دباؤ اور مخالفت کا بھی سامنا کیا۔ بعض امیدواروں کو اپنی ہی جماعت کے اندر سے انتخابی میدان چھوڑنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود انہوں نے عوامی حمایت کی بنیاد پر اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔

امریکی مسلم قیادت کا ابھار: سیاست میں ایک نئی قوت

امریکہ میں مسلم سیاست دانوں کی کامیابی اس انتخابی تبدیلی کا ایک نمایاں پہلو ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 2026ء کے انتخابات میں 168 مسلم امیدوار پرائمری مرحلے سے آگے بڑھے، جن میں سے 97 کامیاب ہوئے، جبکہ 26 امریکی ریاستوں میں 55 مسلمان اعلیٰ عوامی عہدوں پر منتخب ہوئے۔

یہ اعدادوشمار امریکی سیاست میں مسلم شہریوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی شرکت اور نمائندگی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

عائشہ وہاب، ڈاکٹر عبدالرحمان محمد السید اور الہان عمر جیسی شخصیات کی کامیابیاں اس امر کی علامت ہیں کہ امریکی مسلم کمیونٹی اب محض انتخابی ووٹ بینک نہیں رہی بلکہ وہ سیاسی فیصلوں، قانون سازی اور عوامی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت بھی حاصل کر رہی ہے۔

اس تبدیلی کا ایک اہم پہلو انتخابی فنڈنگ کا معاملہ بھی ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمان محمد السید سے منسوب عوامی چندے پر انحصار اور بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کی مالی معاونت سے گریز کا مؤقف امریکی سیاست میں ایک متبادل سیاسی طرزِ عمل کی نمائندگی کرتا ہے۔ اسی تناظر میں ان کی جانب سے قائم کردہ ’’حبیبی پی اے سی‘‘ کو سیاسی اتحادیوں اور نئے امیدواروں کی معاونت کے ایک ممکنہ ذریعے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ عوامی سطح پر سیاسی شعور اور معاشی خودمختاری کا مطالبہ بڑھ رہا ہے۔ امریکی عوام کا ایک طبقہ ایسی سیاست چاہتا ہے جس میں سیاسی نمائندے بڑے سرمایہ دارانہ مفادات کے بجائے عام شہریوں کے سامنے جواب دہ ہوں۔

غزہ: امریکی انتخابی سیاست میں ایک فیصلہ کن مسئلہ

امریکہ کی حالیہ انتخابی تبدیلیوں کو غزہ اور فلسطین کے مسئلے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ غزہ میں انسانی تباہی، شہری آبادی کی ہلاکتیں اور بنیادی انسانی ضروریات کی شدید قلت نے دنیا بھر میں عوامی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔

امریکی جامعات، سڑکوں، عوامی اجتماعات اور سیاسی حلقوں میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں نے یہ ثابت کیا کہ امریکی معاشرے کے اندر سرکاری خارجہ پالیسی اور عوامی احساسات کے درمیان ایک واضح خلیج موجود ہے۔

انتخابی مہم کے دوران ایسے سیاست دانوں کو عوامی حمایت حاصل ہوئی جنہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق، جنگ بندی، انسانی امداد اور اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر نظرثانی کی بات کی۔

یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا امریکی عوام اب اپنی حکومت کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں؟ بظاہر انتخابی رجحانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نئی نسل اور مختلف سماجی طبقات میں جنگی پالیسیوں کے خلاف مزاحمت بڑھ رہی ہے۔

اس تناظر میں امریکی مسلم سیاست دانوں کی کامیابی کو فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز کی کامیابی بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہ کامیابی غزہ کے ان معصوم شہریوں اور بچوں کے دکھوں کی یاد دہانی ہے جن کی قربانیوں نے عالمی ضمیر کو بیدار کیا۔ اسی تناظر میں میناب کی شہید معصوم بچیوں کا ذکر بھی اس انسانی المیے کی علامت کے طور پر سامنے آتا ہے۔

ایران کے خلاف جنگ اور امریکی عوام کی مزاحمت

امریکہ کی جنگی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل کا ایک اہم مظہر ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے میں بھی سامنے آیا ہے۔ گفتگو کے مطابق صدر ٹرمپ کے عوامی اجتماعات میں شہریوں کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جاتا رہا کہ ایران کے خلاف جنگ آخر کس کے مفاد میں ہے؟

مظاہرین کا بنیادی مؤقف یہ تھا کہ یہ امریکی عوام کی جنگ نہیں بلکہ اسرائیل کے سیاسی اور تزویراتی مفادات سے جڑی ہوئی جنگ ہے۔

یہ سوال امریکی سیاست کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ جب کسی عالمی طاقت کے شہری اپنی حکومت کی جنگی پالیسیوں کو اپنے قومی مفاد کے خلاف سمجھنے لگیں تو اس کی سیاسی بنیادیں کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے بعض مخالفین کے مطابق جنگی پالیسیوں کے نتیجے میں امریکہ کو معاشی، سفارتی اور سیاسی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ داخلی سطح پر احتجاج اور سیاسی تقسیم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں اب ایسی عوامی رائے عامہ پیدا ہوچکی ہےجنہوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا، ریاستی دباؤ کا سامنا کیا اور بعد ازاں انتخابی سیاست میں کامیابی حاصل کی۔ یہ مثال اس بات کی علامت ہے کہ سیاسی مزاحمت اگر عوامی حمایت حاصل کر لے تو وہ روایتی سیاسی قوتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔

امریکی بالادستی کا نظام اور عالمی سیاست میں تبدیلی

امریکی انتخابات کے نتائج کا ایک وسیع تر پہلو عالمی طاقت کے نظام سے متعلق ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے امریکہ نے فوجی طاقت، اقتصادی پابندیوں، مالیاتی اداروں، سیاسی اتحادوں اور سفارتی اثرورسوخ کے ذریعے عالمی سیاست میں مرکزی حیثیت برقرار رکھی ہے۔

اس نظام کے تحت متعدد ممالک کی خارجہ پالیسیاں بھی امریکی مفادات اور عالمی طاقتوں کے دباؤ سے متاثر ہوتی رہی ہیں۔

لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا یہ نظام دنیا کے مختلف ممالک کے عوام کی حقیقی نمائندگی کرتا ہے؟

کیا ان ممالک کے شہری اپنی مرضی سے حکمران منتخب کرنے اور اپنی خارجہ پالیسی تشکیل دینے میں مکمل طور پر آزاد ہیں؟

یا عالمی طاقتوں کے مفادات ان کے سیاسی اور معاشی فیصلوں پر اثرانداز ہوتے ہیں؟

یہی وہ بنیادی سوال ہے جو موجودہ عالمی سیاسی تبدیلیوں کو سمجھنے کے لیے اہم ہے۔

اگر امریکہ اور اسرائیل کے اندر عوامی سطح پر تبدیلی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں تو ان کے اثرات ان ممالک تک بھی پہنچ سکتے ہیں جو طویل عرصے سے امریکی سیاسی و معاشی اثرورسوخ کے تحت اپنی پالیسیاں تشکیل دیتے آئے ہیں۔

اس تناظر میں عالمی سیاست ایک نئے مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے، جہاں عوامی خودمختاری، قومی مفادات اور آزاد خارجہ پالیسی کی اہمیت میں اضافہ ہو۔

امریکی زوال یا امریکی معاشرے کی سیاسی بیداری؟

رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے امریکی انتخابی تبدیلیوں کو امریکی زوال کی علامت قرار دینے اور آقای محمد باقر قالیباف کی جانب سے ٹرمپ کی جنگی پالیسیوں کو عوامی سطح پر مسترد کیے جانے کے مؤقف کو بھی اسی تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے۔

ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینیؒ کا یہ تاریخی بیان کہ امریکہ ایک دن سیاسی عجائب گھر میں نظر آئے گا، دراصل امریکی بالادستی کے مستقل اور ناقابلِ شکست ہونے کے تصور کو چیلنج کرتا ہے۔

آیتہ اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے امریکی عوام کو اپنے ضمیر کی آواز سننے اور حق و سچائی کا ساتھ دینے پر مبارک باد دینے کا پیغام بھی اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ امریکہ کے اندر عوامی سطح پر ہونے والی تبدیلی کو ایک اہم سیاسی اور اخلاقی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

یہاں یہ فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے کہ امریکی معاشرے کی سیاسی بیداری اور امریکی ریاست کی عالمی طاقت میں کمی دو الگ مگر باہم مربوط موضوعات ہیں۔ انتخابات کے نتائج کسی عالمی طاقت کے فوری خاتمے کا ثبوت نہیں ہوتے، لیکن وہ اس کے سیاسی نظام، عوامی اعتماد اور خارجہ پالیسی کی قبولیت میں تبدیلی کے اشارے ضرور دے سکتے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے لیے آئندہ چیلنجز

حالیہ انتخابی رجحانات ٹرمپ انتظامیہ کے لیے داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ ایک طرف جنگی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف سیاسی مخالفین کو انتخابی کامیابیوں سے نیا حوصلہ ملا ہے۔

اگر امریکہ مستقبل میں ایران، کیوبا یا کسی دوسرے ملک کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے اپنے ہی معاشرے میں شدید سیاسی مخالفت اور عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ جنگی پالیسیوں کے خلاف عوامی دباؤ امریکی انتظامیہ کو سفارتی مذاکرات اور سیاسی حل کی طرف آنے پر مجبور کرے۔

ہم چین سے ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے کو حل کرنے کے لیے امریکی رابطوں اور جنگ کے خاتمے سے متعلق بیانات کا ذکر بھی اسی سفارتی تناظر میں لے سکتے ہیں ۔ یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ عالمی تنازعات اب محض فوجی طاقت کے ذریعے حل کرنا آسان نہیں رہا، بلکہ بڑی طاقتوں کو سفارتی راستوں کی طرف بھی دیکھنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان اور دیگر ممالک کے لیے نئے سفارتی امکانات

امریکہ اور اسرائیل کے اندر پیدا ہونے والی سیاسی تبدیلیاں پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کے لیے بھی نئے سفارتی امکانات اور چیلنجز پیدا کر سکتی ہیں۔

اگر امریکی خارجہ پالیسی پر داخلی عوامی دباؤ بڑھتا ہے اور جنگی مہم جوئی کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح ملتی ہے تو پاکستان کے لیے ایک متوازن اور خودمختار خارجہ پالیسی اختیار کرنے کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

پاکستان کو چاہیے کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات کو کسی ایک ملک کے مفادات کے تابع رکھنے کے بجائے اپنے قومی مفادات، علاقائی امن، معاشی استحکام اور خودمختاری کی بنیاد پر استوار کرے۔

ایران، سعودی عرب، ترکی، چین اور دیگر علاقائی قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات کو فروغ دینا اس نئی صورت حال میں پاکستان کی اہم سفارتی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ پاکستان کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ عالمی سیاست میں تبدیلی کے امکانات اسی وقت حقیقی فائدے میں تبدیل ہو سکتے ہیں جب قومی سطح پر سیاسی استحکام، معاشی خودمختاری اور مؤثر سفارتی حکمت عملی موجود ہو۔

دنیا ایک نئے سیاسی دور کی دہلیز پر

امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ انتخابی رجحانات ایک وسیع تر عالمی تبدیلی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ اسرائیل میں نیتن یاہو کے سیاسی بیانیے کو درپیش چیلنج، امریکہ میں جنگ مخالف سیاسی قوتوں کا ابھار، مسلم امریکی سیاست دانوں کی کامیابیاں اور فلسطین کے مسئلے پر عوامی حمایت میں اضافہ اس تبدیلی کے اہم پہلو ہیں۔

یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان نتائج سے امریکی عالمی بالادستی کا خاتمہ ہو چکا ہے یا اسرائیلی سیاسی نظام بنیادی طور پر تبدیل ہو گیا ہے۔ تاہم یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ دونوں ممالک کے اندر روایتی سیاسی بیانیوں کو پہلے سے زیادہ عوامی مزاحمت کا سامنا ہے۔

دنیا کے عوام اب صرف طاقت، اسلحے اور معاشی برتری کو کامیابی کا معیار تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ امن، انصاف، انسانی حقوق، قومی خودمختاری اور عوامی نمائندگی کے مطالبات عالمی سیاست میں زیادہ نمایاں ہو رہے ہیں۔

اصل تبدیلی اس وقت آئے گی جب یہ عوامی شعور انتخابی نتائج سے آگے بڑھ کر ریاستی پالیسیوں، عالمی اداروں اور بین الاقوامی تعلقات کی تشکیل پر بھی اثرانداز ہوگا۔

شاید یہی وہ تاریخی موڑ ہے جہاں سے ایک نئے عالمی سیاسی نظام کی تشکیل کا آغاز ہو سکتا ہے، ایسا نظام جس میں طاقت کے بجائے انصاف، جنگ کے بجائے امن اور بالادستی کے بجائے خودمختاری کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔

امریکی اور اسرائیلی انتخابات کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے کہ کوئی بھی سیاسی نظام ہمیشہ کے لیے ناقابلِ شکست نہیں ہوتا، جب عوام اپنے ضمیر کی آواز پر متحد ہو کر کھڑے ہو جائیں تو تاریخ کا دھارا بدلنے کی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha