تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| اس سے بڑی علمی محرومی اور بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے کہ ہمارے پاس ائمۂ طاہرین علیہم السلام، بالخصوص امیرالمؤمنین حضرت امام علی علیہ السلام کے توحید سے متعلق فرمودات، خطبات اور ارشادات کا ایک بے کراں سمندر موجود ہے۔ نہج البلاغہ جیسا عظیم علمی و فکری خزانہ ہماری دسترس میں ہے، جس میں توحید، معرفتِ الٰہی، صفاتِ خداوندی اور بندگیِ پروردگار کے ایسے بلند، دقیق اور عمیق معارف موجود ہیں کہ اگر ہمارے خطباء اور ذاکرین انہیں اپنی مجالس کا محور و موضوع قرار دیں تو یقیناً لوگوں کے عقائد کی اصلاح، ان کی فکری و اعتقادی پختگی اور معرفتِ توحید میں گہرائی پیدا ہو سکتی ہے۔
لیکن افسوس کہ ہمارے بیشتر خطباء اور ذاکرین اس عظیم علمی و فکری سرمائے سے استفادہ کرنے کے بجائے اسے یکسر نظرانداز کر دیتے ہیں اور اپنا بیشتر وقت غلو اور نصیریت سے متعلق ایسی جھوٹی، من گھڑت، ضعیف اور بے بنیاد روایات بیان کرنے میں صرف کرتے ہیں جن کی نہ کوئی معتبر سند ہوتی ہے اور نہ ہی وہ ائمۂ طاہرین علیہم السلام کی مسلمہ تعلیمات سے مطابقت رکھتی ہیں۔
اس سے بھی زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ان روایات کو اس قدر اہتمام، ذوق اور فخر کے ساتھ بیان کیا جاتا ہے گویا یہی فضائلِ اہلِ بیت علیہم السلام کا حقیقی سرمایہ ہیں اور ان کے بغیر ائمۂ معصومین علیہم السلام کی عظمت و فضیلت بیان کرنا ممکن ہی نہیں۔ اس طرزِ عمل کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اہلِ ایمان کے اذہان میں توحید و معرفتِ الٰہی کی روشنی پھیلنے کے بجائے غلو آمیز اور انحرافی تصورات جڑ پکڑنے لگتے ہیں۔
منبر وہ مقدس مقام ہے جہاں سے لوگوں کو شرک و غلو سے محفوظ رکھنے، ان کے عقائد کی اصلاح کرنے اور انہیں اہلِ بیت علیہم السلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرانے کا فریضہ انجام دیا جانا چاہیے۔ اگر اسی منبر سے غیر مستند روایات اور گمراہ کن تصورات کو عقیدت و محبت کے نام پر فروغ دیا جائے تو اس سے بڑی علمی و دینی بددیانتی اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے ساتھ ناانصافی کیا ہو سکتی ہے؟
آخر ہمارے اہلِ منبر کب اس حقیقت کو سمجھیں گے کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی عظمت و منزلت بیان کرنے کے لیے ان کی تعلیمات سے صرفِ نظر کرنے کی نہیں، بلکہ انہی تعلیمات کو سمجھنے، ان پر عمل کرنے اور انہیں معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے؟ اہلِ بیت علیہم السلام کی حقیقی معرفت کا راستہ ان کی تعلیمات سے ہو کر گزرتا ہے، نہ کہ غلو آمیز اور بے بنیاد تصورات کی ترویج سے۔










آپ کا تبصرہ