حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیخ حسین نجف، نجف اشرف کے نہایت متقی اور پرہیزگار علما میں شمار ہوتے تھے اور علامہ سید بحرالعلوم کے خاص اصحاب میں سے تھے۔ علامہ بحرالعلوم کو ان سے خاص محبت تھی اور ان کی خواہش تھی کہ شیخ حسین نجف ان کی نمازِ جنازہ پڑھائیں۔
آخوند ملا علی ہمدانی نقل کرتے ہیں کہ شیخ حسین نجف کے نواسے شیخ محمد طہٰ نجف نے ان کے حالاتِ زندگی پر ایک رسالہ تحریر کیا تھا، جس میں ان کے سفر حج سے واپسی کا ایک ایمان افروز واقعہ بیان کیا گیا ہے۔
واقعے کے مطابق، جب شیخ حسین نجف سفر حج سے واپس نجف اشرف پہنچے تو علامہ سید بحرالعلوم ان کی ملاقات کے لیے تشریف لے گئے اور تین مرتبہ فرمایا: ’’ہنیئاً لک‘‘ یعنی آپ کو مبارک ہو۔
اس کے بعد علامہ بحرالعلوم نے وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ پہلی مرتبہ یہ مبارک باد آپ کو مکہ مکرمہ کی زیارت کی سعادت حاصل ہونے پر دی، دوسری مرتبہ مدینہ منورہ کی زیارت کے شرف پر اور تیسری مرتبہ حضرت ولی عصر امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کی زیارت کی سعادت پر دی ہے۔
پھر علامہ بحرالعلوم نے شیخ حسین نجف سے فرمایا: ’’کیا آپ کو یاد ہے کہ سفر کے دوران فلاں منزل پر ایک شخص نے آپ کے ساتھ کھانا کھایا تھا؟ وہ شخصیت خود حضرت امام مہدی (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) تھے۔‘‘
یہ واقعہ علماء کی کتابوں میں نقل ہونے والے ان ایمان افروز واقعات میں سے ہے جو حضرت امام عصر (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) سے اولیائے الٰہی اور اہل تقویٰ کے روحانی تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔
ماخذ: جرعہای از دریا، جلد 2، صفحہ 329۔










آپ کا تبصرہ