جمعرات 23 اکتوبر 2025 - 18:07
حوزات علمیہ امتِ اسلامی کے لیے چراغِ ہدایت ہیں / مرحوم میرزا نائینی علم، تقویٰ اور مجاہدت کا درخشاں نمونہ تھے

حوزہ / علامہ نائینی مرحوم کے نواسے آیت اللہ شیخ جعفر نائینی نے کہا: مرحوم میرزا نائینی حقیقتاً علم، عمل، تقویٰ اور جہاد کے میدان میں ایک درخشاں نمونہ تھے جن کی سیرت، طرزِ فکر اور علمی آثار حوزات علمیہ کے لیے ایک روشن نمونہ ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرحوم میرزا نائینی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے آج ایران کے شہر قم المقدسہ میں مدرسہ علمیہ امام کاظم علیہ السلام میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حفید مرحوم علامہ نائینی، آیت اللہ شیخ جعفر نائینی نے کہا: مرحوم علامہ نائینی عظیم علمی و اخلاقی مقام کے حامل تھے۔

انہوں نے کہا: میں اس کانفرنس کے تمام منتظمین، متولیان اور ذمہ داران کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اخلاص اور محنت سے اس قومی کانفرنس کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔ اسی طرح میں مدیر حوزہ علمیہ آیت اللہ اعرافی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس پروگرام کی نگرانی اور انتظام میں خاص توجہ دی۔

آیت اللہ شیخ جعفر نائینی نے مزید کہا: میں تمام علما، اساتذہ اور معزز مہمانوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو مختلف شہروں اور حوزات علمیہ سے اس علمی و روحانی اجتماع میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب درحقیقت ایک ایسی بلند علمی، اخلاقی و معنوی شخصیت کی تجلیل ہے جو دنیائے تشیع کی فکری و روحانی تاریخ کی ممتاز ترین شخصیات میں سے تھی۔

انہوں نے کہا: اس قدر جامع شخصیت پر گفتگو کرنا آسان نہیں۔ مرحوم میرزا محمد حسین نائینی ایک ایسی عظیم ہستی تھے جن کے علمی، فقہی، اخلاقی اور سماجی پہلو اس قدر وسیع ہیں کہ ان کا مکمل احاطہ ایک نشست میں ممکن نہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک کتاب مرتب کی گئی ہے جس میں ان کی زندگی، افکار اور علمی آثار کے بعض گوشے جمع کیے گئے ہیں اور ان شاءاللہ مستقبل میں ان کی حیات اور نظریات پر مشتمل علمی مقالات کا مجموعہ بھی شائع کیا جائے گا۔

آیت اللہ شیخ جعفر نائینی نے مزید کہا: حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف نے ایک معروف تعبیر میں میرزا نائینی کو مفاخرِ تشیع اور امتِ اسلامی کے لیے مرہم قرار دیا ہے۔ امید ہے کہ حضرت حجت بن الحسن عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خاص عنایات کے سایے میں ہمارا اسلامی ملک دشمنوں کی سازشوں اور مکاریوں سے محفوظ رہے۔

انہوں نے آخر میں کہا: حوزات علمیہ خصوصاً حوزہ علمیہ قم اور نجف اشرف امتِ اسلامی کے لیے چراغِ ہدایت ہیں۔ امید ہے کہ وہ حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی عنایات کے زیرِ سایہ علم، عمل اور تبلیغِ دین کے میدان میں مزید استقامت و جدیت کے ساتھ گامزن رہیں اور ان کی علمی و روحانی برکتیں اسلامی معاشروں اور اس سے ماورا علاقوں میں بھی عام ہوں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha