حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نائین کے سابق امام جمعہ حجت الاسلام محمود میرزابیگی نے اصفہان میں ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ میرزا نائینی کی شخصیت کے علمی و معنوی پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جس میں نجف اشرف، کربلا، قم اور اصفہان کا اہم کردار ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ میرزا نائینی کی شخصیت پر مختلف پہلوؤں سے روشنی ڈالی گئی ہے، لیکن ان کے روحانی اور معنوی پہلو کو اب تک مکمل طور پر پیش نہیں کیا جا سکا۔ حجت الاسلام میرزابیگی نے اس بات پر زور دیا کہ اس عظیم عالم کو علمی و معنوی دونوں جہتوں سے متعارف کرایا جانا چاہیے، کیونکہ وہ ایک ایسے بزرگ تھے جو کسی علمی مسئلے کا جواب ایک ہی رات میں اپنی بنیادوں کے ساتھ فراہم کر دیتے تھے۔
اس کانفرنس کی مجلس عاملہ کے رکن حجت الاسلام میرزابیگی نے بتایا کہ آیت اللہ بہجت نے میرزا نائینی کے معنوی مقام کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے نجف میں ان کے عظیم روحانی مقامات کو محسوس کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس میں نجف، کربلا، قم اور اصفہان بھرپور انداز میں حصہ لیں گے، اور خاص طور پر اصفہان میں ایسی کاوشیں کی جائیں گی جو میرزا نائینی کی عظمت کے شایان شان ہوں۔