حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 16 نومبر، عالمی یوم رواداری پر جاری اپنے پیغام میں کہا: آج عالمی یوم رواداری منایا جا رہا ہے لیکن دوسری جانب غزہ میں فلسطینی عوام پر ظلم و جبر کی تاریک رات بدستور مسلط ہے، مشرق وسطیٰ کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے اور یورپ میں بھی ان مظالم کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ ایسے حالات میں یہ سوال بجا ہے کہ عالمی یوم رواداری منانے کا کیا جواز ہے، جب دنیا کی مظلوم اقوام آج بھی ناانصافی، عدم برداشت اور ظلم و استبداد کا شکار ہیں؟
انہوں نے کہا: رواداری انسانی تقاضا اور فطرت کی پکار ہے۔ دنیا کے تمام مذاہب نے رواداری، باہمی احترام اور برداشت پر زور دیا ہے، تاہم اسلام میں اسے خصوصی اہمیت حاصل ہے اور قرآن و سنت میں اس حوالے سے واضح تاکید موجود ہے۔ معاشرے میں رواداری وہ بنیادی عنصر ہے جس کے باعث سماجی زندگی اعتدال پر قائم رہتی ہے اور انسانوں کو پُرامن ماحول میسر آتا ہے۔
علامہ ساجد علی نقوی نے کہا: اقوام متحدہ کے قیام کا بنیادی مقصد انسانی حقوق کا تحفظ، بین الاقوامی جارحیت اور اجارہ داری کا خاتمہ، تہذیبوں کے تصادم کو کم کرنا اور دنیا میں امن و رواداری کو فروغ دینا تھا، لیکن افسوس کہ سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود دنیا ان مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ فلسطین و کشمیر سمیت دنیا کے کئی خطے آج بھی ظلم، ناانصافی اور عدم برداشت کی واضح مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا: اقوام متحدہ بین الاقوامی سطح کا ایک بڑا اور مؤثر فورم ہے، اس لیے اسے کسی مخصوص خطے، ملک یا طاقت ور ریاست کے مفادات کا آلہ کار بننے کے بجائے انسانی حقوق، مساوات، انصاف اور رواداری کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ بدقسمتی سے طاقت ور ممالک کے طرز عمل نے اس عالمی ادارے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اقوام متحدہ آج تک اپنا ہاؤس اِن آرڈر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا: امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے فریضے کی ادائیگی میں بھی رواداری اور حکمت بنیادی تقاضے ہیں۔ معاشرے سے گھٹن اور بے اعتدالی کے ماحول کا خاتمہ باہمی احترام، برداشت اور رواداری ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ انہی اصولوں پر عمل پیرا ہوکر معاشرے میں اعتدال، ترقی، استحکام اور پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر امن و انصاف کے قیام اور معاشرتی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ رواداری کو محض تقریبات اور اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی پالیسیوں اور ریاستی رویوں کا حصہ بنایا جائے۔










آپ کا تبصرہ