حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استاد حسین انصاریان نے تہران کے مسجد جامع احباب الحسینؑ میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے سلسلے میں منعقدہ مجالس عزا کی دوسری شب خطاب کرتے ہوئے نعمتوں کی شکرگزاری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ارشاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دین، نبوت، امامت، قرآن، عمر اور جسم کے تمام اعضا اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں اور ہر نعمت کا اپنا مخصوص حقِ شکر ہے۔ قرآن کریم اور اہل بیتؑ کی تعلیمات کے مطابق شکرگزاری ایک واجب ذمہ داری ہے، محض مستحب عمل نہیں۔
استاد انصاریان نے امام رضاؑ کی روایت «الصَّلاةُ شُکْرٌ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نماز خود اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ اسی طرح آنکھوں کا شکر یہ ہے کہ انسان ان سے قدرتِ الٰہی کی نشانیاں دیکھے، والدین کو محبت سے دیکھے اور حرام نگاہ سے بچے۔ کانوں کا شکر یہ ہے کہ انہیں علم و معرفت اور قرآن و اہل بیتؑ کی تعلیمات سننے کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے دینی اور علمی مجالس میں شرکت کرنے والوں کی پانچ ذمہ داریاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مجالس میں حاضر ہونا، استاد کی باتیں توجہ سے سننا، خاموشی اور سکون برقرار رکھنا، سیکھی ہوئی باتوں پر عمل کرنا اور انہیں دوسروں تک پہنچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقل کا شکر بھی یہی ہے کہ انسان حقائق کو سنے، سمجھے اور ان پر عمل کرے۔
استاد انصاریان نے مزید کہا کہ ہاتھوں کا شکر لوگوں کی مشکلات دور کرنے، مفید کتابیں لکھنے اور نیک کام انجام دینے سے ادا ہوتا ہے، جبکہ پاؤں کا شکر والدین سے ملاقات، بیماروں کی عیادت، مؤمنین کے تشییع جنازے اور علمی مجالس میں شرکت کے ذریعے ادا کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مال اور کھانے پینے کی نعمتوں کے شکر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو غصب، رشوت، سود، چوری، اختلاس اور کم فروشی سے بچنا چاہیے اور اپنی ظاہری خوبصورتی کو بھی گناہ کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے زبان، قلم اور موبائل فون کے غلط استعمال سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ، غیبت، تہمت اور دوسروں کی عزت و آبرو کو نقصان پہنچانے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ کسی کے بارے میں ایک غلط پیغام یا تحریر بھی اس کی عزت کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
آخر میں استاد انصاریان نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کو شکرگزاری کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی کسی بھی نعمت کو گناہ اور نافرمانی کے راستے میں استعمال نہیں کرنا چاہیے۔










آپ کا تبصرہ