حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خوجہ مسجد ممبئی کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد علی عابدی نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت کا اقرار اور آپ سے محبت انبیاء علیہم السلام کی نبوت کی تکمیل کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے بلند مقام و مرتبے کو بیان کرتے ہوئے مجالس عزا اور عزاداری کے احترام پر بھی زور دیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد علی عابدی نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ ایام فاطمیہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی چہیتی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی یاد منانے کے دن ہیں۔ آپ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نگاہ میں غیر معمولی مقام رکھتی تھیں اور آپ کی عظمت و فضیلت کے بارے میں ائمہ معصومین علیہم السلام کی متعدد روایات موجود ہیں۔
انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ’’صدیقہ کبریٰ‘‘ کہا گیا ہے۔ اسی روایت میں آپ کی معرفت کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ معصومین علیہم السلام نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے جو فضائل بیان کیے ہیں، وہ آپ کے حقیقی مقام و مرتبے کے ترجمان ہیں۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک اور روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کسی نبی کی نبوت اس وقت تک کامل نہیں ہوتی جب تک وہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل اور آپ کی محبت کا اقرار نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کے فضائل کو بیان کرنے والی روایات کے بارے میں غیر ضروری اعتراضات کرنے کے بجائے ان تعلیمات کو سمجھنے اور ان سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے لقب ’’زہرا‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے ایک روایت کا ذکر کیا، جس کے مطابق اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنی عظمت سے پیدا کیا اور آپ کے نور سے آسمان و زمین روشن ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان روایات سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں آپ کے بلند مقام کا اندازہ ہوتا ہے۔
خطیب نماز جمعہ نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو تمام انبیاء پر فضیلت عطا کی ہے تو آپ کو اذیت پہنچانا اور آپ کی توہین کرنا انتہائی سنگین عمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کو سمجھنے کے لیے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ان ارشادات کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے جن میں آپ نے اپنی بیٹی سے محبت اور ان کے احترام کا اظہار فرمایا۔
حجۃالاسلام سید احمد علی عابدی نے اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب کا غم ائمہ معصومین علیہم السلام کے دلوں میں ہمیشہ تازہ رہا۔ انہوں نے امام محمد تقی علیہ السلام سے منقول ایک واقعہ بیان کیا کہ آپ اپنی جدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب کو یاد کرکے گریہ فرماتے تھے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اہل بیت علیہم السلام کے نزدیک حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب کی یاد کتنی اہمیت رکھتی ہے
انہوں نے آخر میں ایام فاطمیہ کے دوران مجالس عزا، عزاداری، مساجد اور امام بارگاہوں کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا غم اہل بیت علیہم السلام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ لہٰذا ان ایام میں آپ کی سیرت، فضائل اور مصائب کو یاد کرنے کے ساتھ ان مجالس کا تقدس بھی برقرار رکھنا چاہیے۔










آپ کا تبصرہ