حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بہار/ ایامِ عزائے فاطمیہ کے موقع پر حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، بھیک پور، ضلع سیوان، بہار میں حسبِ روایت بزمِ مسالمہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعرائے کرام نے دیے گئے مصرعِ طرح پر اپنے منظوم کلام پیش کرکے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر علمائے کرام اور مقررین نے اہلِ علم، شعراء اور اہلِ قلم کی دینی، فکری اور سماجی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قلم و بیان حق کی ترجمانی، باطل نظریات کے مقابلے اور معاشرے کی اصلاح کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
پروگرام کے دوران نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے انتظار حسین رضوی نے کہا کہ اہلِ علم اور اہلِ قلم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عہد کے حالات اور واقعات کو صحیح تناظر میں سمجھیں اور اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرے کو فکری رہنمائی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکیزہ قلم جب ضمیر کی روشنائی سے الفاظ رقم کرتا ہے تو تحریر کی قدر و منزلت بڑھ جاتی ہے۔ عالمی امن کے قیام کے لیے بھی قلم و قرطاس کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے، کیونکہ یہی انبیائے الٰہی کا راستہ اور حقیقی انقلابیوں کی میراث ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ عالمی حالات میں محض امن کے نعروں کے بجائے ایک سنجیدہ عالمی فکری مکالمے کی ضرورت ہے۔
مولانا سید علی رضوی، امام جمعہ بھوراج پور نے اپنے خطاب میں شعراء کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انقلابی اور بامقصد شاعری کو محفوظ کرکے کتابی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے قلم، کاغذ اور شاعری کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اہلِ قلم اور اہلِ علم کی یہ کاوشیں نہ ہوتیں تو دین و دنیا کے علوم اور اقوام کی تاریخ کو محفوظ رکھنا ممکن نہ ہوتا۔ تصنیف و تالیف کے عظیم ذخائر اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ علم کی حفاظت اور اس کی اشاعت میں اہلِ قلم نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے سابق پرنسپل مولانا سبط حیدر نے اپنے خطاب میں تقریر، خطابت اور علمی نشستوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ احادیثِ مبارکہ، علوم و فنون اور انسانی تجربات کو محفوظ رکھنے میں تحریر و تقریر کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حق کی آواز باطل کے مقابلے میں بلند ہوتی ہے تو اہلِ علم کا بیان کسی ہتھیار سے کم مؤثر نہیں ہوتا۔ اسلام نے علم، شعور اور آگاہی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی ہے، لہٰذا محبانِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو چاہیے کہ وہ علمی و ادبی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
مولانا محمد رضا معروفی، امام جمعہ مسجد قرآن و عترت، سیوان نے ادب، اخلاق اور علمی دیانت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تربیت کے ساتھ ادب کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے۔ شعر و سخن اور خطابت کی صلاحیتیں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں ہیں، جنہیں بے ادبی، بہتان اور جھوٹ کے فروغ کے بجائے حقائق کی ترجمانی اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم کو چاہیے کہ وہ اپنی تحریروں اور تقریروں میں سچائی، شائستگی اور دیانت کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
بزم میں شعرائے کرام مہدی حسن، طہور رضوی، وفادار حسین، ندیم ندیمی، انور بھیک پوری اور دیگر شعراء نے اپنے کلام پیش کیے۔ شعراء نے اپنے اشعار کے ذریعے دینی، اخلاقی اور معاشرتی موضوعات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرتی مسائل کو شاعری میں پیش کرتے وقت کسی کی کردار کشی یا دل آزاری سے گریز کیا جائے اور مسائل کی نشان دہی کے لیے فرضی یا غیر متعین کرداروں کا سہارا لیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ شاعری کا درست استعمال معاشرے میں محبت، اخوت، بیداری اور اصلاح کا ذریعہ بن سکتا ہے، جب کہ اس کا غلط استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، بہار کے مؤسس مولانا سید شمع محمد رضوی نے اپنے خطاب میں شعر و ادب، خطابت اور قلم کی قوت کو تلوار سے زیادہ مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک جنگجو کا ہتھیار تلوار ہوتی ہے، اسی طرح عالم اور صاحبِ فکر کا مؤثر ہتھیار علم، قلم، دلیل، برہان اور خطابت ہے۔ تلوار خوف پیدا کرتی ہے، جب کہ علم و دلیل انسانوں کے دل جیتنے اور ان کے افکار و نظریات کو بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں علم و آگاہی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ فکری ارتقا اور علمی ترقی ہی قوموں کو مضبوط بناتی ہے۔ محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور فنون کو دین کی خدمت کے لیے استعمال کریں اور ہر فکری و نظریاتی چیلنج کا علمی اور مدلل جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ عزائے فاطمیہ کے ایام میں بھی مختلف شعبوں سے وابستہ افراد اپنی صلاحیتوں کے ذریعے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں؛ کوئی شاعری کرتا ہے، کوئی نثر و تحریر کے ذریعے فضائل و مصائب بیان کرتا ہے، تو کوئی خطاطی اور دیگر فنون کے ذریعے اپنا نذرانۂ عقیدت پیش کرتا ہے۔
مولانا سید شمع محمد رضوی نے ایامِ فاطمیہ کے حوالے سے خصوصی تاکید کی کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب کے ساتھ آپ کے مصائب اور مظلومیت کو بھی مؤثر انداز میں تحریر کیا جائے، بیان کیا جائے اور عام کیا جائے۔ انہوں نے سیدۂ کونین کی سادہ زندگی، عبادت، گھریلو مشقت، حقِ اہلِ بیت علیہم السلام کے دفاع اور امتِ مسلمہ کی فلاح و ہدایت کے لیے آپ کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا۔
انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی گھریلو زندگی اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ آپ کے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے تسبیحِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی فضیلت بیان کی اور کہا کہ آپ کی زندگی صبر، قناعت، عبادت اور بندگی کا کامل نمونہ ہے۔ اسی طرح فدک کے مسئلے اور آپ کے تاریخی خطبے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید مصائب اور مشکلات کے باوجود حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے حق کے دفاع، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے حق اور امت کی فکری و دینی رہنمائی کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔
انہوں نے واقعۂ دفاعِ ولایت کا ذکر کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی استقامت اور وفاداری کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آپ نے اپنی پوری زندگی میں حق و ولایت کے دفاع کو مقدم رکھا اور ہر مشکل کے باوجود اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔
پروگرام کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اہلِ علم، شعراء اور اہلِ قلم کو حق کی ترجمانی، دین کی خدمت اور معاشرے کی اصلاح کے لیے اپنی صلاحیتیں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔










آپ کا تبصرہ