حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے 13 نومبر 2026ء کو مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا: ایامِ فاطمیہ محض اظہارِ غم کا نام نہیں بلکہ سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، خطبۂ فدکیہ اور دفاعِ امامت کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کا اہم موقع ہے۔ قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام سے تمسک کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی تعلیمات کو سمجھا جائے، تسلیم کیا جائے اور ان پر عمل کیا جائے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے پہلے خطبے میں ایامِ فاطمیہ کی اہمیت، شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے تاریخی پس منظر، مقامِ اہل بیتؑ اور خطبۂ فدکیہ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ایامِ فاطمیہ اور تعلیماتِ اہل بیتؑ سے تمسک
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا: ایامِ فاطمیہ کا بھرپور انعقاد انقلابِ اسلامی اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی دینی و فکری خدمات کا ایک اہم ثمر ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت مسلمانوں کے لیے عظیم المیہ ہے، جس کی یاد تازہ رکھنا اور آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے حدیثِ ثقلین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی امت کے درمیان قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام کو چھوڑا اور ان دونوں سے وابستگی کو ہدایت کا ذریعہ قرار دیا۔ قرآن و عترت سے تمسک کا مطلب صرف محبت کا اظہار نہیں بلکہ ان کی تعلیمات کو سمجھنا، قبول کرنا اور ان پر عمل کرنا ہے۔
خطیب جمعہ نے آیتِ مودت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: قرابت داروں سے مودت کا قرآنی حکم کسی استثنا کے بغیر ہے، لہٰذا اہل بیت علیہم السلام کی محبت اور ان کے حقوق و تعلیمات کا احترام ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
خطبۂ فدکیہ دفاعِ امامت اور قرآنی استدلال کا عظیم منشور
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبۂ فدکیہ کے تاریخی اور فکری پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد پیش آنے والے واقعات، بالخصوص مسئلۂ خلافت، بیعت اور فدک کے تناظر میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے کردار کا مطالعہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واقعۂ قلم و قرطاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے آخری ایام میں تحریری ہدایت کے لیے قلم اور کاغذ طلب فرمایا، تاہم آپؐ کو یہ فراہم نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں پیش آنے والے واقعات نے امت کے سامنے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے۔

خطیب جمعہ نے کہا: امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وصیت اور ہدایت کے مطابق صبر اختیار کیا جبکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے امامت کے دفاع کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔ آپ سلام اللہ علیہا نے امیرالمؤمنین علیہ السلام سے فرمایا تھا کہ جس طرح آپ نے اپنی پوری زندگی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حفاظت اور دفاع میں گزاری، اسی طرح اب میں امامت کی حفاظت کے لیے اپنا کردار ادا کروں گی۔
انہوں نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مسجد نبوی میں تشریف لے جانا اور خطبۂ فدکیہ کے ذریعے اپنے حق کے لیے قرآنی دلائل پیش کرنا تاریخِ اسلام کا ایک اہم باب ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا نے اپنے خطبے میں قرآن مجید کی متعدد آیات سے استدلال کیا اور وراثت کے قرآنی احکام کی روشنی میں اپنا موقف بیان کیا۔
خطیب جمعہ کا کہنا تھا کہ خطبۂ فدکیہ کا مطالعہ ہمیں یہ سمجھاتا ہے کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا مقصد محض فدک کا حصول نہیں تھا بلکہ آپ سلام اللہ علیہا نے اپنے کردار اور خطبے کے ذریعے امت کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پیش آنے والے حالات اور امامت کے مقام کی طرف متوجہ کیا۔
پاکستان کے معاشی حالات اور سودی قرضوں پر تشویش
خطیب جمعہ نے دوسرے خطبے میں ملک کی معاشی صورت حال، بڑھتے ہوئے قرضوں اور عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: پاکستان جیسے وسائل سے مالامال ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں قرضوں پر ادا کیے جانے والے سود کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ملک کو اربوں ڈالر صرف سود کی مد میں ادا کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ اصل قرضوں کا حجم بھی انتہائی تشویش ناک ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایک اسلامی ملک میں، جہاں قرآن مجید نے سود کو حرام قرار دیا ہے اور اسلامی بینکاری کے فروغ کی بات کی جاتی ہے، وہاں قومی معیشت سودی قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا: قرضوں اور معاشی بدانتظامی کا بوجھ بالآخر عوام کی جیبوں سے ادا کیا جاتا ہے۔ مہنگائی نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے، لوگ اپنے گھریلو اخراجات اور اقساط تک ادا کرنے سے قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ عوام کے مسائل کا احساس کریں اور قومی وسائل و مفادات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

ایران کے خلاف سازشیں ناکام، خطے میں بدلتی صورت حال پر گفتگو
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے عالمی سیاسی صورت حال اور ایران کے خلاف جاری دباؤ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ایران میں حکومت کی تبدیلی کے خواب دیکھنے والی قوتوں کو خود اپنی سیاسی مشکلات اور اندرونی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا: خطے میں بعض عالمی طاقتوں کے توسیع پسندانہ عزائم کے راستے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان اہم رکاوٹیں ہیں۔ فلسطینی عوام کی مزاحمت نے بھی ان عزائم کو چیلنج کیا ہے۔ امریکہ میں بھی عوامی سطح پر اس بات کا احساس بڑھ رہا ہے کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ بیرونی مفادات پر خرچ ہو رہا ہے، جبکہ اپنے ملک میں صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کو وسائل کی ضرورت ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا: مسلمانوں کو عالمی طاقتوں کے وعدوں پر بھروسہ کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا چاہیے اور اپنے اتحاد و دفاع کے لیے عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسلم حکمرانوں کو بھی اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے امت مسلمہ کے مفادات کو مقدم رکھنا ہوگا۔
پاکستان کے حکمران نظریاتی اساس اور عوامی مفادات کا تحفظ کریں
علامہ شبیر حسن میثمی نے پاکستانی حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ پر رکھی گئی ہے، لہٰذا حکمرانوں کو ملک کی نظریاتی اساس، خودمختاری اور عوامی مفادات کو مقدم رکھنا چاہیے۔ پاکستان کے عوام ظلم اور ناانصافی کے سامنے سر جھکانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور عالمی تنازعات کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ خصوصاً توانائی کی فراہمی، گیس کی برآمدات اور دیگر معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کے نتائج آنے والے وقت میں زیادہ شدت سے سامنے آ سکتے ہیں۔ ہمیں 2027ء کے ممکنہ معاشی و سیاسی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ابھی سے تیاری کرنی چاہیے۔
خطیب جمعہ نے کہا: عوام کو سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع سے پھیلائے جانے والے غیر حقیقی تجزیوں اور پروپیگنڈے سے متاثر ہونے کے بجائے حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینا چاہیے۔
اہل بیتؑ کی محبت اتحادِ امت کا مضبوط ذریعہ ہے
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اتحادِ امت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: رہبر کی شہادت کے بعد اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان محبت، احترام اور یکجہتی کے جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ اہل سنت کی جانب سے اہل بیت علیہم السلام کے احترام اور محبت کا اظہار قابلِ قدر ہے اور ہمیں ان مشترکہ دینی رشتوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا: اہل سنت اہل بیت علیہم السلام سے گہری محبت رکھتے ہیں اور صحابہ کرامؓ کا بھی احترام کرتے ہیں۔ ہمیں ایسے مثبت تعلقات کو فروغ دینا چاہیے اور اہل بیتؑ کی تعلیمات کو اتحاد و وحدت کی بنیاد بنانا چاہیے۔
خطیب جمعہ نے واضح کیا کہ ہمارے منبروں سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ہونے والے مظالم اور تاریخی واقعات کو دلائل اور مستند حوالوں کے ساتھ بیان کیا جانا چاہیے، تاہم اس کے لیے دوسروں کے مقدسات کی توہین یا تضحیک کی کوئی ضرورت نہیں۔ ہمارے پاس اپنے مؤقف کے حق میں علمی دلائل اور تاریخی مآخذ موجود ہیں، جنہیں ذمہ داری اور علمی انداز میں پیش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا: موجودہ حالات میں اسلام ہم سے اتحاد، اخوت اور باہمی احترام کا تقاضا کرتا ہے۔ اگر مسلمان اہل بیت علیہم السلام کے طریقے اور تعلیمات کی روشنی میں آگے بڑھیں تو متحد ہو کر ان قوتوں کا مقابلہ کر سکتے ہیں جو مسلم سرزمینوں پر قبضے اور امت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
شہادتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر یومِ غم منانے کی اپیل
علامہ شبیر حسن میثمی نے ایامِ فاطمیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے دن خوشی اور جشن کے بجائے اہل بیت علیہم السلام کے غم میں شریک ہونا چاہیے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں پرسہ پیش کرنا چاہیے۔
خطیب جمعہ نے والدین پر زور دیا کہ اپنے بچوں کو مجالسِ عزاء میں شرکت کے لیے ساتھ لائیں اور انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، فضائل اور آپ سلام اللہ علیہا پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کریں تاکہ نئی نسل اہل بیت علیہم السلام کی معرفت اور محبت کے ساتھ پروان چڑھے۔
انہوں نے ایامِ فاطمیہ کے دوران مجالس کے انعقاد میں تعاون کرنے والے منتظمین اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا: ان کی کوششوں سے مسلسل 28 روز تک مجالس کا اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر اور پیغام عام ہوا۔ انہوں نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے ایام میں بھی مجالس کے انعقاد کی کوششوں کا ذکر کیا۔
خطیب جمعہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو تقویٰ، اتحاد، بصیرت اور اہل بیت علیہم السلام کی حقیقی معرفت عطا فرمائے اور ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے۔










آپ کا تبصرہ