۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا شمع محمد رضوی

حوزہ/ دین اسلام اور تاریخ تشیع میں شاعری اور نوحہ خوانی کا ایک اہم مقام رہا ہے۔ شعرائے کرام نے اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں جو اشعار کہے ہیں، ان سے مذہب اسلام کو بہت زیادہ فروغ ملا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرمان شہر میں مولانا سید شمع محمد رضوی نے شعرائے کرام سے ملاقات و گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں آج کل ایک منفرد روحانی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس علاقے میں جہاں کہیں نظر ڈالیں، وہاں یا ذاکرین موجود ہیں یا پھر شعرائے کرام جن کے ہاتھوں میں قلم اور دلوں میں عشق حسینی کا جذبہ موجزن ہے۔ ایسے ماحول میں اشعار بھی باکمال اور حماسہ حسینی سے لبریز نظر آتے ہیں۔

سید شمع محمد رضوی نے کرمان کے اس خاص موقع پر کہا کہ اس انوکھے اور روح پرور پروگرام میں شعرائے کرام کا جمع ہونا یقیناً دعائے فاطمہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام اور تاریخ تشیع میں شاعری اور نوحہ خوانی کا ایک اہم مقام رہا ہے۔ شعرائے کرام نے اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں جو اشعار کہے ہیں، ان سے مذہب اسلام کو بہت زیادہ فروغ ملا ہے۔

امام جعفر صادق (علیہ السلام) کا قول نقل کرتے ہوئے، سید شمع محمد رضوی نے یاد دلایا کہ جو کوئی بھی اہل بیت (علیہم السلام) کی شان میں ایک شعر کہتا ہے، خداوند عالم اس کے لیے جنت میں گھر عطا فرماتا ہے۔

اس موقع پر مختلف ممالک سے آئے ہوئے شعرائے کرام نے بھی امام حسین (علیہ السلام)، کربلا اور عاشورا کے موضوع پر اپنے اشعار پیش کیے۔تاریخ اسلام کے عظیم شعراء جیسے دعبل خزاعی، کمیت، ابن زید اسدی، اور اقبال لاہوری کو یاد کرتے ہوئے، سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ ان شعراء نے اپنے اشعار کے ذریعے سیرت اہل بیت (علیہم السلام) کو زندہ رکھا ہے۔ امام شافعی کا قول بھی پیش کیا کہ جو شخص اہل بیت (علیہم السلام) پر درود نہ بھیجے، اس کی نماز قبول نہیں ہوتی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .