پیر 16 نومبر 2026 - 18:40
حضرت فاطمہ زہرا (س) امام زمانہ (عجل) کی زندگی کے لیے بھی نمونۂ عمل ہیں

حوزہ / استاد حسین انصاریان نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے علمی، معنوی اور تربیتی مقام و منزلت کو بیان کرتے ہوئے کہا: امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے اپنی عظیم المرتبت والدہ کے مقام و منزلت کو بیان کرتے ہوئے انہیں اپنی پوری زندگی کے لیے نمونۂ عمل قرار دیا ہے۔ یہ حقیقت حضرت صدیقۂ کبریٰ سلام اللہ علیہا کی جامع شخصیت اور بے مثال عظمت کی عکاسی کرتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استاد حسین انصاریان نے تہران کے علاقے اصفہانک کی مسجد جامع احباب الحسین (ع) میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کی علمی اور معنوی شخصیت کے بعض ناشناختہ پہلوؤں کی طرف اشارہ کیا۔

انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو علم، معرفت، اخلاق اور تربیت کے بے پایاں سمندر کی حامل شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی سیرت کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

استاد حسین انصاریان نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے علمی اور روائی ورثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آپ سے دو اہم خطبات یادگار ہیں؛ ایک وہ خطبہ جو آپ نے مسجد میں ارشاد فرمایا اور دوسرا وہ خطاب جو آپ نے اپنے گھر میں مدینہ کی خواتین کے سامنے بیان کیا۔ شیعہ علمائے کرام میں سے 50 سے زائد بزرگ علماء نے ان دونوں خطبات کی شرح و تفسیر اور تحقیق کی ہے اور ان میں پوشیدہ حقائق و معارف کو واضح کرنے کے لیے گراں قدر علمی آثار تحریر کیے ہیں۔

اس استادِ حوزہ علمیہ نے مزید کہا: یہ دونوں خطبات بخوبی ظاہر کرتے ہیں کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کس قدر وسیع علم و معرفت کی حامل تھیں۔ آپ کا علمی سمندر ایسے بے شمار گراں قدر موتیوں سے لبریز ہے جن کا شمار ممکن نہیں۔

استاد انصاریان نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روایات اور دعاؤں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ان دو خطبات کے علاوہ بھی آپ سے بہت سی قیمتی روایات منقول ہیں جنہیں میں نے ایک کتاب میں جمع کیا ہے۔ یہ روایات انبیائے کرام اور ائمہ اطہار علیہم السلام کے فرامین کی طرح انسانوں کی زندگی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں اور ان پر عمل دنیا و آخرت کی سعادت اور بھلائی کی ضمانت بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مفصل اور بامعنی دعائیں بالخصوص نماز کے بعد پڑھی جانے والی دعائیں، آپ کے معنوی ورثے کا ایک اہم حصہ ہیں جو بلند توحیدی مضامین اور الٰہی معارف سے سرشار ہیں۔ اسی طرح آپ کے اخلاق، کردار، ازدواجی زندگی، تربیتِ اولاد اور طرزِ حیات کے حوالے سے بھی متعدد گراں قدر کتابیں مرتب کی گئی ہیں۔ یہ تمام آثار آپ کی جامع علمی، تربیتی، اخلاقی اور عملی شخصیت کو نمایاں کرتے ہیں۔

اس استادِ اخلاق نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کے بارے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: «فاطِمَةُ سَیِّدَةُ نِساءِ العالَمینَ مِنَ الأَوَّلینَ وَالآخِرینَ» یعنی فاطمہ سلام اللہ علیہا اولین و آخرین کی تمام جہانوں کی عورتوں کی سردار ہیں۔

انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس عظیم فرمان کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کے اذن سے کائنات کے ماضی اور مستقبل سے آگاہ تھے۔ لہٰذا جب آپ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے لیے اس بلند مقام کا اعلان فرماتے ہیں تو یہ آپ کی حقیقی عظمت اور بے نظیر منزلت کی گواہی ہے۔

استاد انصاریان نے حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے اس فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ "حضرت زہرا سلام اللہ علیہا آپ کے لیے نمونۂ عمل ہیں"، کہا: امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اپنے مبارک فرمان میں فرماتے ہیں کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا میری زندگی کے تمام امور میں میرے لیے نمونۂ عمل ہیں۔ یہ بات نہایت اہم ہے، کیونکہ امام دوازدہم علیہ السلام سے پہلے گیارہ معصوم ائمہ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیائے الٰہی موجود تھے لیکن اس کے باوجود امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اپنی عظیم المرتبت والدہ کو زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا اسوہ قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا: یہ فرمان واضح کرتا ہے کہ امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے وجود مبارک میں تمام انبیاء اور ائمہ علیہم السلام کی علمی، اخلاقی، معنوی اور تربیتی اقدار کو جلوہ گر دیکھتے ہیں اور آپ کو فضیلت و کمال کا کامل نمونہ قرار دیتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha