جمعہ 13 نومبر 2026 - 23:33
حضرت فاطمہ زہراء (س) کی سیرت پوری بشریت کے لیے اسوۂ حسنہ ہے: حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون

حوزہ/امامیہ آرگنائزیشن بلتستان ریجن کے تحت منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون نے حضرت زہراء سلام اللہ علیہا کی عظیم شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، بلتستان ریجن کے زیرِ اہتمام مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو، بلتستان میں منعقدہ ایامِ فاطمیہ کی دوسری مجلس سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام شیخ ذاکر حسین مقپون نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و منزلت، مقامِ الٰہی، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی نگاہ میں آپؑ کے مقام، محبتِ فاطمہ کے اخروی ثمرات اور روزِ قیامت آپؑ کے مقامِ شفاعت پر روشنی ڈالی۔

حضرت فاطمہ زہراء (س) کی سیرت پوری بشریت کے لیے اسوۂ حسنہ ہے: حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون

انہوں نے کہا کہ عقلِ انسانی کائنات کے پوشیدہ حقائق دریافت کرنے اور دنیا کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، تاہم حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی کنہِ حقیقت اور مقام و منزلت کے ادراک سے عاجز ہے۔ اسی طرح انسانی قلم، علوم و دانش اور زبان بھی آپؑ کے تمام فضائل و کمالات کا احاطہ نہیں کر سکتے، کیونکہ آپؑ اللہ تعالیٰ کی منتخب اور برگزیدہ ہستی ہیں، جن کی تربیت آغوشِ رسالت میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا رسالت و امامت کے درمیان عظیم معنوی ربط اور سرچشمۂ ہدایت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپؑ کی تعظیم میں کھڑے ہوتے، آپؑ کے ہاتھوں کو بوسہ دیتے اور اپنی نشست پر بٹھاتے تھے۔ آپؐ کا فرمان «فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، مَنْ آذَاهَا فَقَدْ آذَانِي» آپؑ کی عظمت و منزلت کا واضح اظہار ہے۔

حضرت فاطمہ زہراء (س) کی سیرت پوری بشریت کے لیے اسوۂ حسنہ ہے: حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون

حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے فرمان «فِي ابْنَةِ رَسُولِ اللّٰهِ لِي أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب خود امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو اپنا اسوۂ حسنہ قرار دیتے ہیں تو آپؑ پوری بشریت کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہیں۔

انہوں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے منقول روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ محبتِ فاطمہ انسان کے لیے جنت میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معیت اور آخرت کے مختلف مراحل، بالخصوص عالمِ موت، قبر، میزانِ اعمال اور روزِ قیامت حساب و کتاب میں باعثِ نفع و سعادت ہے۔ اس حوالے سے امام زین العابدین علیہ السلام کی دعائے ابوحمزہ ثمالی کے کلمات کے ذریعے قبر کی تاریکی، تنگی اور سختیوں کی اہمیت بھی واضح کی۔

حضرت فاطمہ زہراء (س) کی سیرت پوری بشریت کے لیے اسوۂ حسنہ ہے: حجت الاسلام ذاکر حسین مقپون

خطیبِ مجلس نے امام محمد باقر علیہ السلام سے منقول روایت کے ذریعے روزِ قیامت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے عظیم مقامِ شفاعت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ میدانِ محشر میں آپؑ کی خصوصی تعظیم ہوگی، فرشتے آپؑ کے استقبال کے لیے حاضر ہوں گے اور اللہ تعالیٰ آپؑ کو اپنے محبین اور محبانِ اہلِ بیت علیہم السلام کی شفاعت کا اختیار عطا فرمائے گا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ محبتِ فاطمہ محض زبانی عقیدت کا نام نہیں، بلکہ سیرتِ فاطمیؑ کو اپنانے، اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اپنی زندگی کو الٰہی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کا نام ہے۔

انہوں نے نئی نسل، بالخصوص نوجوانوں کی فکری و اخلاقی حفاظت، انہیں تباہی کی طرف لے جانے والے سازشی عناصر کی روک تھام اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لیے دعا کرنے پر بھی زور دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha