ہفتہ 14 نومبر 2026 - 14:55
حضرت زہرا (س) کی سیرت ہر دور کے اہل ایمان کے لیے حق گوئی، دینی غیرت اور دفاع ولایت کا عملی نمونہ ہے

حوزہ/ جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں علی پور کے پرنسپل حجت الاسلام والمسلمین محمد زکاء الحسن نے کہا: موجودہ دور میں امت مسلمہ کو سیرت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام اور تعلیمات اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں حق و باطل کی پہچان، دینی بصیرت اور صبر و استقامت کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور شہادت کے واقعات تاریخ اسلام کا ایسا اہم باب ہیں جو حق کی حمایت، دین کی حفاظت اور ولایت اہل بیت (ع) سے وابستگی کا درس دیتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد مہدیہ، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں علی پور میں 13 نومبر 2026ء حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ انہوں نے نماز جمعہ سے قبل دونوں خطبات میں تقویٰ الٰہی، نہج البلاغہ کی تعلیمات، امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی مظلومیت، حدیث ثقلین اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت و مظلومیت پر تفصیلی گفتگو کی۔

پہلے خطبے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے تقویٰ الٰہی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے نہج البلاغہ کے خطبہ نمبر 173 کی شرح بیان کرتے ہوئے کہا: اس خطبے میں امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے: «وَقَدْ فُتِحَ بَابُ الْحَرْبِ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ أَهْلِ الْقِبْلَةِ، وَلَا يَحْمِلُ هَذَا الْعَلَمَ إِلَّا أَهْلُ الْبَصَرِ وَالصَّبْرِ وَالْعِلْمِ بِمَوَاضِعِ الْحَقِّ»، یعنی تمہارے اور اہل قبلہ کے درمیان جنگ کا دروازہ کھل چکا ہے اور اس پرچم کو وہی لوگ اٹھا سکتے ہیں جو بصیرت، صبر اور حق کے مواقع و مقامات کا علم رکھتے ہوں۔

انہوں نے اس فرمان کی تشریح کرتے ہوئے بصیرت، صبر اور حق شناسی کو دینی و اجتماعی زندگی کی بنیادی صفات قرار دیا اور واضح کیا کہ حق کے راستے پر ثابت قدم رہنے کے لیے محض جذبات کافی نہیں بلکہ حالات کی درست پہچان، علم و معرفت اور صبر و استقامت بھی ضروری ہیں۔

حضرت زہرا (س) کی سیرت ہر دور کے اہل ایمان کے لیے حق گوئی، دینی غیرت اور دفاع ولایت کا عملی نمونہ ہے

خطیب جمعہ نے کہا: امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی تعلیمات انسان کو یہ شعور عطا کرتی ہیں کہ حق و باطل کے درمیان امتیاز کرتے ہوئے حق کا ساتھ دینا اور اس کی حفاظت کرنا اہل ایمان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی مظلومیت کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی اور تاریخ اسلام کے ان واقعات کی طرف توجہ دلائی جن سے حق کی حمایت میں اہل بیت علیہم السلام کی قربانیوں اور استقامت کا اظہار ہوتا ہے۔

دوسرے خطبے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مشہور حدیث ثقلین کی شرح بیان کی۔ آپؐ کا ارشاد گرامی ہے: «إِنِّي تَارِكٌ فِيكُمُ الثَّقَلَيْنِ، كِتَابَ اللَّهِ وَعِتْرَتِي أَهْلَ بَيْتِي، مَا إِنْ تَمَسَّكْتُمْ بِهِمَا لَنْ تَضِلُّوا أَبَدًا، وَلَنْ يَفْتَرِقَا حَتَّى يَرِدَا عَلَيَّ الْحَوْضَ»۔

انہوں نے حدیث ثقلین کی وضاحت کرتے ہوئے قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام سے تمسک کو ہدایت و نجات کا بنیادی ذریعہ قرار دیا اور اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امت کی رہنمائی کے لیے قرآن مجید اور اپنی عترت اہل بیت (ع) کو دو گراں قدر امانتوں کے طور پر متعارف کرایا، جن سے وابستگی انسان کو گمراہی سے محفوظ رکھتی ہے۔ حدیث کے مطابق یہ دونوں امانتیں حوض کوثر پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے تک ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گی۔

حضرت زہرا (س) کی سیرت ہر دور کے اہل ایمان کے لیے حق گوئی، دینی غیرت اور دفاع ولایت کا عملی نمونہ ہے

خطیب جمعہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت اور ایام فاطمیہ کے تناظر میں آپ سلام اللہ علیہا کی عظمت و مظلومیت پر گفتگو کرتے ہوئے اس حقیقت کو نمایاں کیا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا تنہا ہونے کے باوجود حق کے دفاع میں ایک لشکر کی مانند ثابت قدم رہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا کی زندگی، خطبات، جدوجہد اور استقامت ہر دور کے اہل ایمان کے لیے حق گوئی، دینی غیرت اور دفاع ولایت کا عملی نمونہ ہیں۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام سے منسوب اس دردناک جملے «يَا لَيْتَ عَلِيَّ بْنَ أَبِي طَالِبٍ مَاتَ قَبْلَ يَوْمِهِ» کا ذکر کرتے ہوئے اس کے پس منظر میں موجود رنج و الم اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے المناک واقعات کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے ایام فاطمیہ کی مناسبت سے شہادت حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کا ذکر کیا اور اس عظیم مصیبت کے ذریعہ اہل بیت علیہم السلام پر گزرنے والے حالات اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے غم و اندوہ کو بیان کیا۔

خطبات جمعہ میں اس امر پر زور دیا گیا کہ امت مسلمہ کو قرآن و عترت سے مضبوط تعلق قائم رکھتے ہوئے سیرت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ بصیرت، علم، صبر اور حق پر استقامت ہی وہ اوصاف ہیں جن کے ذریعہ معاشرے میں دینی شعور اور حقیقی اسلامی اقدار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha