حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی جانب سے ممتاز شیعہ مرجعِ تقلید اور سیاسی و مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کو ان کی غیر موجودگی میں عمر قید اور دیگر چار علمائے دین کو پندرہ، پندرہ سال قید کی سزائیں سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق، مذہبی آزادی، جمہوری اقدار اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور عدل و انصاف کے تقاضوں کے منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ علمائے دین اور مذہبی شخصیات کو ان کے عقائد، مذہبی تشخص یا پُرامن سیاسی و سماجی مؤقف کی بنیاد پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنائے۔ آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم کو ان کی غیر موجودگی میں عمر قید کی سزا اور دیگر علمائے کرام کو طویل المدت سزائیں سنانا منصفانہ عدالتی کارروائی اور حقِ دفاع کے عالمی اصولوں پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کے تحت مذہبی آزادی، اظہارِ رائے، پُرامن اجتماع اور منصفانہ سماعت ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔
سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ بحرین میں علمائے دین کی گرفتاریوں، مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے اور شہریوں کی شہریت منسوخ کرنے جیسے اقدامات سیاسی بحران کو مزید سنگین اور معاشرتی تقسیم کو گہرا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ ریاستی طاقت کے ذریعے کسی مذہب کے پیروکاروں کے حقوق اور تشخص کو دبانا نہ جمہوری طرزِ حکمرانی ہے اور نہ ہی پائیدار امن کے قیام کا راستہ۔
انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کونسل، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین کی صورتِ حال کا فوری نوٹس لیں اور آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم سمیت دیگر علمائے دین کے خلاف سنائی گئی سزاؤں پر نظرثانی، شفاف عدالتی کارروائی، زیرِ حراست افراد کی رہائی، ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور بحرینی عوام کی مذہبی و شہری آزادیوں کی بحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے آیت اللہ شیخ عیسیٰ قاسم، دیگر علمائے دین اور مظلوم بحرینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی قیادت کو جبر، تشدد اور قید و بند کے ذریعے خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ ہم بحرین میں انسانی حقوق، مذہبی آزادی اور عدل و انصاف کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ خاموشی ترک کرکے ان مظالم کے خاتمے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔










آپ کا تبصرہ