تحریر:مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| دنیا میں کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کی تشہیر نہیں کرتے، مگر ان کے کام خود ان کا تعارف بن جاتے ہیں۔ وہ خاموشی سے اپنے حصے کی شمع روشن کرتے ہیں اور جب دنیا سے رخصت ہوتے ہیں تو اپنی یادوں، کردار اور خدمات کے چراغ دوسروں کے لیے چھوڑ جاتے ہیں۔ سید حسین حیدر رضوی مرحوم بھی ایسی ہی شخصیات میں سے تھے۔
ان کی زندگی علم و عمل، سادگی، اخلاص اور دینی وابستگی کی ایک خوب صورت مثال تھی۔ وہ دین کو محض چند رسوم و روایات تک محدود نہیں سمجھتے تھے، بلکہ اسے انسانی کردار کی تعمیر اور معاشرے کی اصلاح کا ذریعہ تصور کرتے تھے۔
ان کی ابتدائی زندگی ہی میں والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا، جس کے بعد ان کے ماموں مولانا سید محمد علی آصف طاب ثراہ نے ان کی سرپرستی اور تربیت کی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیمی وابستگی نے ان کے علمی ذوق کو جلا بخشی۔ مطالعہ، غوروفکر اور دینی موضوعات سے دلچسپی ان کی شخصیت کے نمایاں پہلو تھے۔
نشرِ پیغامِ کربلا: زندگی کا ایک اہم مشن:
سید حسین حیدر رضوی کی زندگی کا ایک نہایت اہم اور قابلِ قدر پہلو ’’نشرِ پیغامِ کربلا‘‘ سے ان کی طویل وابستگی تھی۔ تقریباً بیالیس برس تک اس مشن کے لیے سرگرم رہنا ان کی مستقل مزاجی، اخلاص اور مقصد سے وفاداری کا روشن ثبوت ہے۔
وہ کربلا کو صرف ایک تاریخی واقعہ یا سالانہ یادگار نہیں سمجھتے تھے، بلکہ اسے حق و باطل کی پہچان، ظلم کے خلاف مزاحمت، انسانی آزادی، ایثار اور قربانی کا دائمی پیغام تصور کرتے تھے۔ ان کی کوشش تھی کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک کا پیغام مجالس اور عزاداری سے آگے بڑھ کر انسانی کردار اور معاشرتی زندگی کا حصہ بنے۔
اسی فکر کے تحت اصلاحِ منبر وعزاداری کو بھی اہمیت دیتے تھے۔ ان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ منبر علم و معرفت کا مرکز بنے، بیان میں تحقیق اور مستند روایات کو جگہ ملے اور عزاداری اپنے حقیقی مقصد سے وابستہ رہے۔ ان کے نزدیک محبتِ اہل بیت علیہم السلام کا تقاضا صرف عقیدت کا اظہار نہیں، بلکہ ان کی تعلیمات پر عمل کرنا بھی ہے۔
ولایت اور ولایتِ فقیہ کے موضوعات سے ان کی علمی دلچسپی بھی قابلِ ذکر تھی۔ وہ ان مباحث کو سمجھنے اور ان کے فکری پہلوؤں کو عام کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہے۔ شہید آیت اللہ مرتضیٰ مطہری اور شہید رہبر کی تحریروں سے استفادہ ان کے علمی ذوق کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کی توجہ صرف دینی مجالس اور علمی مباحث تک محدود نہیں تھی۔ وہ معاشرتی اصلاح، نوجوانوں کی تربیت، خواتین کی تعلیم اور ملت میں شعور و بیداری پیدا کرنے کو بھی ضروری سمجھتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ کوئی معاشرہ صرف مذہبی اجتماعات سے ترقی نہیں کرتا، بلکہ اسے علم، اخلاق، اتحاد اور عملی ذمہ داری کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
سید حسین حیدر رضوی کی شخصیت کا سب سے دلنشین پہلو ان کی سادگی اور بے تکلفی تھی۔ وہ اپنی خدمات کا چرچا کرنے کے بجائے اپنے کام سے پہچانے جانا پسند کرتے تھے۔ ان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ انسان کی اصل قدر اس کے عہدے یا شہرت سے نہیں، بلکہ اس کے کردار، خلوص اور دوسروں کے لیے کیے گئے کاموں سے متعین ہوتی ہے۔
مرحوم کی شخصیت کا ایک نہایت قابلِ قدر اور دل کو چھو لینے والا پہلو ناداروں، فقراء اور مساکین کی خاموش خدمت تھا۔ وہ ضرورت مندوں کی مدد کو محض ایک سماجی فریضہ نہیں بلکہ انسانی اور دینی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ ان کی کوشش ہوتی تھی کہ کسی مجبور کی ضرورت پوری ہو جائے، کسی غریب کے گھر کا چولہا جلتا رہے اور کسی پریشان حال انسان کی مشکل آسان ہو جائے، مگر اس خدمت کی خبر نہ کسی محفل تک پہنچے اور نہ اس کا چرچا ہو۔ نہ نام کی خواہش، نہ شہرت کی طلب اور نہ احسان جتانے کا انداز۔ ان کے نزدیک نیکی کی اصل خوب صورتی اسی میں تھی کہ ایک ہاتھ سے مدد کی جائے تو دوسرے ہاتھ کو بھی اس کی خبر نہ ہو۔ یہی بے لوثی، یہی دردمندی اور یہی خاموش خدمت ان کے کردار کا ایسا روشن پہلو تھا ،
آج وہ ہمارے درمیان نہیں ہیں، مگر ان کی یادیں اور خدمات انہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ خصوصاً ’’نشرِ پیغامِ کربلا‘‘ کے لیے ان کی بیالیس سالہ جدوجہد اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ کسی مقصد سے سچی وابستگی انسان کی زندگی کو بامعنی بنا دیتی ہے۔
کچھ لوگ دنیا سے چلے جاتے ہیں، مگر اپنے پیچھے ایسے نقوش چھوڑ جاتے ہیں جن پر چلنے والے ان کے مشن کو زندہ رکھتے ہیں۔ سید حسین حیدر رضوی بھی انہی لوگوں میں سے تھے۔ ان کا وجود رخصت ہوگیا، لیکن نشرِ پیغامِ کربلا کے لیے ان کی جدوجہد اور ان کی روشن یادیں آج بھی ایک فکری ورثے کی حیثیت رکھتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کی دینی و اصلاحی خدمات کو صدقۂ جاریہ قرار دے۔










آپ کا تبصرہ