تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| اس وقت ایک نہایت اہم اور حساس مسئلہ ہمارے سامنے ہے، جس پر علماء اور دینی ذمہ داروں کو بروقت سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
شام میں زائرین کی آمد و رفت کے راستے تقریباً ایک سال سے کھل چکے ہیں اور لوگ زیارت کے لیے جانے بھی لگے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ہندوستان سے بھی باقاعدہ زیارتی کاروان شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں مومنین شام کا رخ کریں گے۔
دوسری طرف سعودی عرب اور اس کے ہم فکر ممالک کی مذہبی و سیاسی ترجیحات میں بھی نمایاں تبدیلی آ رہی ہے۔ وہابیت کا سابقہ اثر و رسوخ کمزور پڑتا دکھائی دے رہا ہے، جب کہ حکمرانوں کی توجہ مذہبی تشخص کے بجائے معاشی ترقی، سیاحت، تفریح اور دنیاوی آسائشوں پر زیادہ مرکوز ہوتی جا رہی ہے۔ شام کے حالات بھی اسی طرح تبدیل ہو رہے ہیں۔ مستقبل میں مختلف سیاسی و استعماری قوتیں اپنے مفادات کے تحت زائرین کے لیے مزید سہولتیں اور رعایتیں فراہم کریں گیں ، جن کے ذریعہ وہ اپنے مفادات پورا کریں گی۔
ایسی صورت حال میں مومنین کو شام جانے سے روکنا نہ ممکن دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی محض پابندیوں اور مخالفت سے اس سلسلے کو روکا جا سکے گا۔ لوگ جائیں گے اور غالب امکان ہے کہ بڑی تعداد میں جائیں گے۔
اب بنیادی سوال یہ ہے کہ اس صورت حال میں علماء کی ذمہ داری کیا ہے؟
میری نظر میں علماء کو اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے حکمت اور دور اندیشی سے کام لینا چاہیے۔ جب زائرین کو جانے سے روکنا ممکن نہیں تو بہتر راستہ یہ ہے کہ ان کے سفر کو دینی رہنمائی اور نگرانی میں لانے کی کوشش کی جائے۔
اگر علماء نے اس معاملے سے لاتعلقی اختیار کی تو زیارتی کاروانوں کا پورا نظام تجارتی ٹور آپریٹروں کے ہاتھ میں چلا جائے گا، جہاں زیارت کے روحانی، تربیتی اور دینی مقاصد پس منظر میں جا سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ہمارے سامنے مسجد جمکران کی مثال ایک قابلِ غور نمونہ ہے۔ ایک زمانے میں مسجد جمکران کے انتظام و ماحول پر ایسے عناصر کا اثر و رسوخ تھا جن کے بارے میں دینی حلقوں میں تحفظات پائے جاتے تھے، لیکن انقلاب اسلامی کے بعد دینی قیادت کی توجہ، تنظیمی سرپرستی اور شہید رہبرِ انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہ کی حکیمانہ رہنمائی کے نتیجے میں اس مقام کی دینی و علمی حیثیت کو وسعت ملی اور آج مسجد جمکران علم، معرفت، عبادت اور ہدایت کے ایک اہم مرکز کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔
اس مثال سے یہ سبق ملتا ہے کہ کسی زیارتی مقام یا مذہبی سرگرمی کو محض اس کے موجودہ انتظامات کے حوالے کرکے نہیں چھوڑ دینا چاہیے، بلکہ حکمت، مسلسل نگرانی اور مؤثر دینی سرپرستی کے ذریعے اس کی سمت اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
لہٰذا ضروری ہے کہ ذمہ دار علماء ابھی سے اس سلسلے میں عملی کردار ادا کریں۔ زیارتی کاروانوں کی تشکیل و نگرانی میں شریک ہوں، معتبر ٹور آپریٹروں سے رابطہ رکھیں اور کم از کم ہر کاروان میں کسی باصلاحیت عالمِ دین کی موجودگی یا نگرانی کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔ اس طرح زائرین کو زیارت کے آداب، اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات، شرعی احکام، مقامی حالات اور ضروری احتیاطوں سے آگاہ کیا جا سکے گا۔
اصل بات یہ ہے کہ زائرین کے سفر کو روکنا شاید ہمارے اختیار میں نہ ہو، لیکن اس سفر کو دینی، تربیتی اور روحانی اعتبار سے بہتر بنانا یقیناً ہمارے اختیار میں ہے۔
اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ علماء محض مخالفت یا تماشائی بن کر رہنے کے بجائے اس پورے معاملے کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں، باہمی مشاورت سے لائحۂ عمل بنائیں اور زیارتی کاروانوں کے نظام میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ اگر بروقت یہ قدم اٹھایا گیا تو ایک ممکنہ چیلنج کو ایک بڑے دینی اور تربیتی موقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔










آپ کا تبصرہ