حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جونپور/ جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام کے مدیر اور صدر امام بارگاہ جونپور، حجۃ الاسلام والمسلمین سید صفدر حسین زیدی نے امریکی نظامِ حکومت، اس کی خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر مظلوم قوموں کے ساتھ اس کے رویے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں حکمرانوں اور سیاسی قیادتوں کی تبدیلی سے اس کی بنیادی پالیسیوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آتی، کیونکہ امریکی خارجہ پالیسی افراد کے بجائے مخصوص سیاسی، اقتصادی اور صہیونی مفادات کے تابع ہے۔ ایسے میں امریکی انتخابات کے نتائج سے عالمی انصاف اور مظلوم اقوام کے حقوق کے تحفظ کی توقع رکھنا حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ اور عالمی سیاسی حالات کا جائزہ لیا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی اقتدار میں آئے یا ریپبلکن، اس کی بنیادی ترجیحات اور عالمی مفادات میں کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ عراق، افغانستان، لیبیا، شام اور فلسطین کے حالات اس کی خارجہ پالیسی کے عملی نمونے ہیں، جہاں انصاف کے قیام کے بجائے امریکی مفادات، خطے میں اثر و رسوخ اور اسرائیل کی سلامتی کو ترجیح دی گئی۔ خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں مظلوم اقوام کے حقوق کے تحفظ کے معاملے میں امریکی حکمرانوں کا کردار ہمیشہ سوالات کی زد میں رہا ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید صفدر حسین زیدی نے مزید کہا کہ جب بھی عالمی سطح پر اسرائیل یا دیگر ظالم قوتوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور مظلوموں کو انصاف فراہم کرنے کا موقع آیا، امریکہ نے اپنے ویٹو کے اختیار سمیت مختلف ذرائع استعمال کرکے انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ امریکی نظام میں حکومتوں اور صدور کی تبدیلی سے پالیسیوں کی بنیادی سمت تبدیل نہیں ہوتی، بلکہ صرف اقتدار کے چہرے بدلتے ہیں۔
انہوں نے رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور دیگر مذہبی و فکری رہنماؤں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے ان کا نقطۂ نظر ہمیشہ تاریخی تجربات اور زمینی حقائق پر مبنی رہا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای حفظہ اللہ اور دیگر نمائندگان نے بھی اس حقیقت کی جانب توجہ دلائی ہے کہ امریکی حکومتوں کی تبدیلی کو اس کی استعماری پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی تصور نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا امتِ مسلمہ اور دنیا کے مظلوموں کے لئے خود اعتمادی، سیاسی شعور اور بیداری انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کا قیام امریکی حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، بلکہ مظلوم اقوام کو اپنی طاقت، اتحاد اور اجتماعی بیداری پر اعتماد کرنا ہوگا۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی اپنی ثابت قدمی اور قومی اتحاد کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عزم و حوصلے اور استقامت سے بڑی طاقتوں کے دباؤ کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
امریکی حکمرانوں کے وعدوں اور معاہدوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سابقہ روش اس بات کی گواہ ہے کہ اس کے سیاسی وعدوں پر آنکھ بند کرکے اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے پہلے دورِ صدارت میں جوہری معاہدے سے یک طرفہ علیحدگی اور بعد کے ادوار میں مذاکراتی عمل سے متعلق پیدا ہونے والی صورتِ حال اس کی مثالیں ہیں۔ ایسے واقعات امریکی حکمرانوں کے دوہرے معیار اور معاہدوں کے حوالے سے ان کے طرزِ عمل پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے امریکی انتخابات اور عالمی سیاست میں خفیہ اداروں کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتخابات اور اقتدار کے مراکز کے فیصلوں کو صرف ووٹوں کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا، بلکہ ان کے پس منظر میں بین الاقوامی سیاسی دباؤ اور خفیہ اداروں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ ان کے بقول موساد اور سی آئی اے جیسے اداروں کا کردار عالمی سیاسی منظرنامے پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل ہے۔
صہیونی لابی کے اثر و رسوخ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اے آئی پیک (AIPAC) جیسی بااثر اسرائیل نواز تنظیمیں امریکی سیاست اور انتخابی ماحول پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیل کی پالیسیوں پر تنقید کرنے یا فلسطینی مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے والے امیدواروں کو سیاسی، مالیاتی اور ذرائع ابلاغ کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے امریکی سیاسی نظام میں آزادانہ اور منصفانہ مؤقف اختیار کرنے کی گنجائش محدود ہوتی ہے۔
حجۃ الاسلام والمسلمین سید صفدر حسین زیدی نے کہا کہ امریکی انتخابات میں کامیابی اور ناکامی کے عوامل کا جائزہ لیتے وقت اس امر کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے کہ کون سی قیادت امریکی اور اسرائیلی مفادات کے تحفظ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔ ان کے مطابق صہیونی لابی اور اس سے وابستہ نیٹ ورکس امریکی داخلی اور خارجی پالیسیوں پر اثر انداز ہوتے ہیں اور اس صورتِ حال کو سمجھے بغیر امریکی سیاست کا درست تجزیہ ممکن نہیں۔
انہوں نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ جب تک عالمی طاقتوں کی سیاست مفاد پرستی اور صہیونی اثر و رسوخ کے گرد گھومتی رہے گی، اس وقت تک امریکی انتخابات کے نتائج سے کسی بنیادی اور عادلانہ تبدیلی کی امید رکھنا بے سود ہوگا۔ حقیقی انصاف اسی وقت ممکن ہے جب مظلوم اقوام بیدار ہوں، استکباری طاقتوں کی پالیسیوں اور سازشوں کو سمجھیں اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے متحد ہوکر جدوجہد کریں۔










آپ کا تبصرہ