حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیان کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے مرکزی امام باڑہ یاگی پورہ ماگام میں خطبۂ جمعہ کے دوران تقویٰ، اخلاقی پاکیزگی اور کردار سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ایک صالح معاشرے کی بنیادی اقدار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیاوی لذتوں اور خواہشات میں حد سے زیادہ انہماک انسان کو روحانی اقدار، اخلاقی ذمہ داریوں اور انسانی شرافت سے دور کر دیتا ہے۔

امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے ایک حکیمانہ فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقویٰ سے انحراف انسان کو نفسانی خواہشات اور شہوات کا اسیر بنا دیتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ روحانی اور اخلاقی انحطاط کا شکار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص موجودہ دور میں نوجوان نسل کی دینی تعلیمات، اخلاقی اقدار اور احساسِ ذمہ داری کی بنیاد پر فکری و اخلاقی تربیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو مادہ پرستی اور دنیاوی خواہشات کے بجائے اعلیٰ انسانی و دینی اصولوں کی جانب راغب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظیم المرتبت شخصیت اور بے مثال مقام و منزلت پر روشنی ڈالتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے کہا کہ سیدہ کائنات کی حیاتِ طیبہ، کردار، عبادت، عفت، استقامت اور حق پرستی پوری انسانیت کے لیے ایک کامل نمونۂ عمل ہے۔ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی متعدد روایات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے غیر معمولی روحانی مقام کو اجاگر کیا اور کہا کہ آپؑ کی خوشنودی رسول خدا کی خوشنودی اور آپؑ کی ناراضگی رسول خدا کی ناراضگی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایامِ فاطمیہ کا مقصد محض مجالسِ عزا اور سوگواری تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان ایام کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عملی طور پر نافذ کیا جائے۔

آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے ممتاز مراجعِ تقلید اور جید علمائے کرام کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص حضرت آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم علمائے اعلام اور شہدائے اسلام کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
انجمنِ شرعی شیعیان کے حالیہ شائع کردہ اسلامی کیلنڈر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ اس میں درج اوقاتِ نماز مستند فلکیاتی و نجومی حسابات اور سائنسی اصولوں کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اوقات ایک معتبر علمی و فلکیاتی ادارے کی رہنمائی اور نگرانی میں مرتب کیے گئے ہیں، جو حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی سرپرستی میں قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوقاتِ شرعیہ کے تعین میں فقہِ جعفریہ کے مستند اصولوں اور دقیق فلکیاتی حسابات کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔

معاشرتی مسائل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے حلال روزی کے حصول اور عوام کو خالص و محفوظ غذائی اشیاء کی فراہمی کو اہم دینی اور اخلاقی ذمہ داری قرار دیا۔ بڈگام ریلوے اسٹیشن پر تقریباً 1600 کلوگرام سڑے ہوئے گوشت کی ضبطی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت اور انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ضبط شدہ گوشت کی ترسیل، سپلائی چین اور ممکنہ تقسیم و فروخت کے تمام پہلوؤں کی جامع تحقیقات کی جائیں۔
انہوں نے منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت اور شراب نوشی کے رجحان پر بھی گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص نوجوان نسل کو ان تباہ کن سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت، مذہبی قیادت، سماجی اداروں اور والدین کو مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ قرآن مجید کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حلال اور پاکیزہ غذاؤں کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

جموں و کشمیر کی موجودہ انتظامی اور معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے کہا کہ سرکاری پروٹوکول، ظاہری شان و شوکت اور عہدوں کی نمائش کسی خطے کی حقیقی ترقی کا پیمانہ نہیں ہو سکتی۔ ترقی کا اصل معیار عوام کو معیاری طبی سہولیات، بہتر تعلیمی نظام، مضبوط بنیادی ڈھانچے، روزگار کے مواقع اور دیگر ضروری عوامی خدمات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کی کمی، تعلیمی اداروں کی ابتر صورتحال، بجلی کی عدم دستیابی اور دیگر بنیادی مسائل کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجیحات کا محور عوامی فلاح و بہبود ہونا چاہیے، نہ کہ نمائشی سرگرمیاں اور پروٹوکول۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کو ایک اہم عوامی اور آئینی مطالبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں محض سیاسی یقین دہانیوں کے بجائے ٹھوس اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ریاستی درجے کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور مؤثر پیش رفت یقینی بنائی جائے اور عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔

خطبۂ جمعہ کے اختتام پر آغا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے اہلِ ایمان کو تقویٰ، دینی شعور، سماجی ذمہ داری اور اتحاد و یکجہتی اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اخلاقی اصلاح، نوجوان نسل کی فکری و روحانی تربیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی سطح پر سنجیدہ اور بامقصد کوششیں ناگزیر ہیں۔










آپ کا تبصرہ