حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علی پور، کرناٹک/ حوزہ علمیہ باقر العلومؑ علی پور کرناٹک میں عظیم مفسرِ قرآن، فلسفی اور اسلامی مفکر حضرت علامہ سید محمد حسین طباطبائیؒ کی علمی و تفسیری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے قرآنی افکار سے استفادے کے لیے ’’علامہ محمد حسین طباطبائیؒ اور قرآن فہمی کے نئے افق‘‘ کے عنوان سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام نے تفسیر المیزان کی نمایاں خصوصیات، قرآن فہمی کے مختلف مناہج اور علامہ طباطبائیؒ کی علمی و فکری میراث پر تفصیلی گفتگو کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر میرزا محمد رفیعی، معاونِ آموزش حوزہ علمیہ، نے نشست کے عنوان، اغراض و مقاصد اور علمی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی علمی نشستوں کا بنیادی مقصد طلبہ کی علمی استعداد میں اضافہ، تحقیقی ذوق کی آبیاری اور معارفِ قرآنی سے گہری واقفیت پیدا کرنا ہے۔
بعد ازاں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا میر اطہر علی، مدیرِ حوزاتِ علمیہ علی پور، نے مہمانانِ گرامی کا خیرمقدم کیا اور ان کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے علامہ طباطبائیؒ کے علمی مقام اور قرآنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج حوزہ علمیہ قم اور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ میں علومِ قرآن اور تفسیر کے میدان میں جاری متعدد علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا تعلق علامہ طباطبائیؒ کی گراں قدر علمی میراث، بالخصوص تفسیر المیزان، سے گہرا ہے۔ نشست کی نظامت مدیر مدرسہ باقر العلوم، علی پور نے انجام دی۔

مولانا سید اظہر حسین: تفسیر المیزان کا منہج اور تفسیر قرآن بالقرآن
مولانا سید اظہر حسین نے علامہ طباطبائیؒ کی شہرۂ آفاق تفسیر المیزان کی اہم خصوصیت، یعنی ’’تفسیر قرآن بالقرآن‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منہج میں قرآن مجید کی ایک آیت کو دوسری آیت کی روشنی میں سمجھا اور اس کے مفہوم کی وضاحت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ طباطبائیؒ نے قرآنی الفاظ کے معانی کو محض لغوی تشریحات یا روایات تک محدود نہیں رکھا، بلکہ آیات کے باہمی ربط اور ان میں پوشیدہ گہرے مفاہیم کو بھی نمایاں کیا ہے۔ مثال کے طور پر لفظ ’’ید‘‘ کو بعض مقامات پر ظاہری ہاتھ کے بجائے قدرت اور طاقت کے مفہوم میں سمجھایا ہے۔
انہوں نے علامہ طباطبائیؒ کی دیگر علمی خدمات، بالخصوص فلسفے کی معروف کتاب ’’بدایۃ الحکمہ‘‘ اور ان کے ممتاز شاگردوں کا بھی ذکر کیا، جن میں شہید مرتضیٰ مطہریؒ سمیت متعدد نامور اہلِ علم شامل ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تفسیر المیزان کے مطالعے اور اس عظیم علمی سرمایہ سے بھرپور استفادے کی تاکید کی۔
مولانا سید منظور رضا عابدی: قرآن سے وابستگی اور علمی جدوجہد کی اہمیت
امام جمعہ علی پور مولانا سید منظور رضا عابدی نے شبِ جمعہ کی مناسبت سے دعا، استغفار اور طلبِ مغفرت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی علمی نشستوں کا مقصد صرف بزرگ علماء کی یاد منانا نہیں، بلکہ ان کی علمی خدمات اور افکار سے عملی طور پر استفادہ کرنا بھی ہے۔
انہوں نے قرآن مجید کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ایک زندہ کتاب ہے اور جو انسان اپنی زندگی کو قرآن سے وابستہ کر لیتا ہے، قرآن اس کے ذکر اور علمی آثار کو زندہ رکھتا ہے۔ علامہ طباطبائیؒ کی زندگی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ آج جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہ ہونے کے باوجود ان کی قرآنی خدمات اور علمی میراث کی بدولت ان کا نام زندہ ہے۔
مولانا منظور رضا عابدی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو کوئی نہ کوئی صلاحیت عطا کی ہے، تاہم صرف ذہانت کامیابی کے لیے کافی نہیں، بلکہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مسلسل محنت، جدوجہد اور اخلاص ضروری ہے۔ علامہ طباطبائیؒ نے اپنی علمی محنت اور غیر معمولی جدوجہد کے ذریعے تفسیر کے میدان میں ایک عظیم علمی خدمت انجام دی۔
انہوں نے تفسیر المیزان کی دو بنیادی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا پہلا نمایاں امتیاز تفسیر قرآن بالقرآن ہے، جس کے ذریعے ایک آیت کی وضاحت دوسری آیت سے کی جاتی ہے۔ مسئلۂ شفاعت کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ قرآن مجید میں شفاعت کی مطلق نفی نہیں کی گئی، بلکہ اللہ تعالیٰ کی اجازت کے بغیر شفاعت کی نفی کی گئی ہے۔
انہوں نے دوسری خصوصیت عقل و وحی کے درمیان ہم آہنگی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ علامہ طباطبائیؒ نے واضح کیا ہے کہ عقل اور وحی ایک دوسرے کے مخالف نہیں، بلکہ دونوں کا سرچشمہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ قرآن مجید خود انسان کو بار بار غور و فکر، تدبر اور تعقل کی دعوت دیتا ہے۔
آخر میں انہوں نے علماء اور طلبہ کے درمیان ایسی علمی نشستوں کے تسلسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام علمی و روحانی تربیت اور فکری بالیدگی کا اہم ذریعہ ہیں۔

مولانا سید دلاور حسین: علامہ طباطبائیؒ کی علمی زندگی اور تفسیری منہج
مولانا سید دلاور حسین نے علامہ سید محمد حسین طباطبائیؒ کی حیاتِ مبارکہ، علمی سفر اور تحقیقی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ طباطبائیؒ 1903ء میں ایران کے شہر تبریز کے قریب واقع گاؤں شادآباد میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی عمر ہی میں والدین کے سایۂ شفقت سے محروم ہونے کے باوجود انہوں نے حصولِ علم کا سفر جاری رکھا۔
انہوں نے نجف اشرف میں اپنے زمانے کے ممتاز اساتذہ سے علومِ دینیہ حاصل کیے۔ بعد ازاں تبریز واپس آکر تقریباً دس سال تک زراعت کے ذریعے اپنی معاشی ضروریات پوری کرتے ہوئے علمی و تفسیری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ پھر قم تشریف لائے، جہاں تدریس و تحقیق کا سلسلہ شروع کیا اور اپنی علمی کاوشوں کے ذریعے ایک ممتاز مقام حاصل کیا۔
مولانا نے قرآن فہمی کے مختلف مراحل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت، تجوید اور ترجمے کے بعد اس کے معانی و مفاہیم تک رسائی کا اہم ذریعہ تفسیر کا مطالعہ ہے۔ تفسیر کے ذریعے انسان آیات کے گہرے معانی، پیغام اور عملی ہدایات سے واقف ہوتا ہے۔
انہوں نے تفسیر المیزان کی علمی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بعد کے متعدد مفسرین نے اس سے استفادہ کیا ہے اور مختلف تفاسیر میں اس کے حوالے ملتے ہیں، جو علامہ طباطبائیؒ کی علمی محنت اور تحقیقی مقام کا واضح ثبوت ہے۔
مولانا نے تفسیر کے دو بنیادی طریقوں، یعنی تفسیرِ ترتیبی اور تفسیرِ موضوعی کی وضاحت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ تفسیرِ ترتیبی میں قرآن مجید کی آیات کی ترتیب کے مطابق سورۂ فاتحہ سے سورۂ ناس تک تفسیر کی جاتی ہے، جبکہ تفسیرِ موضوعی میں کسی ایک موضوع، مثلاً اخلاق، غیبت، تہمت یا دیگر موضوعات سے متعلق تمام آیات کو جمع کرکے ان کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے تفسیر کے دیگر مناہج، بالخصوص روائی، فلسفی، عرفانی، اجتماعی اور کلامی روشوں کا بھی ذکر کیا۔ تفسیر قمی، نور الثقلین، الصافی اور البرہان کو روائی تفاسیر کی مثالوں کے طور پر پیش کرتے ہوئے عام قارئین کے لیے تفسیر نمونہ سے استفادے کی اہمیت بیان کی۔
مولانا دلاور حسین نے مزید کہا کہ تفسیر المیزان کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تفسیری تحقیق کے مختلف علمی طریقوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔ جہاں روایات کی ضرورت ہے وہاں روایات، جہاں فلسفیانہ بحث درکار ہے وہاں فلسفہ، اور جہاں عرفانی یا لغوی وضاحت ضروری ہے وہاں متعلقہ علوم سے مدد لی گئی ہے۔ تاہم اس تفسیر کا بنیادی اور نمایاں امتیاز تفسیر قرآن بالقرآن ہے، یعنی قرآن کی ایک آیت کو دوسری آیت کے ذریعے سمجھنا اور اس کی وضاحت کرنا۔
علمی نشست کا حاصل اور اختتامی کلمات
مقررین کے بیانات سے یہ حقیقت نمایاں ہوئی کہ علامہ سید محمد حسین طباطبائیؒ محض ایک مفسرِ قرآن نہیں تھے، بلکہ ایک عظیم فلسفی، محقق، معلم اور اسلامی مفکر تھے، جنہوں نے اپنی علمی محنت اور قرآنی بصیرت کے ذریعے عالمِ اسلام کو ایک گراں قدر علمی سرمایہ عطا کیا۔
تفسیر المیزان کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ قرآن مجید کو محض تلاوت کی کتاب سمجھنے کے بجائے ہدایت، فکر، تدبر اور عملی زندگی کے مکمل سرچشمے کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ علامہ طباطبائیؒ کی علمی میراث سے حقیقی استفادے کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ان کی تفسیری کاوشوں، بالخصوص تفسیر المیزان کا مطالعہ کیا جائے اور ان کے قرآنی افکار کو انفرادی و اجتماعی زندگی میں جگہ دی جائے۔
نشست کے اختتام پر معاونِ آموزش ڈاکٹر مولانا محمد رفیع صاحب نے تمام علمائے کرام، مقررین اور شریک طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص حجۃ الاسلام مولانا سید دلاور حسین، امام جمعہ علی پور حجۃ الاسلام مولانا سید منظور رضا عابدی، مولانا سید شبیر علی، مولانا تشکر، مولانا محمد یوشع، مولانا مجسم، حجۃ الاسلام مولانا سید نظر عباس اور ڈاکٹر مولانا عزادر حسین کی شرکت اور علمی بیانات پر اظہارِ تشکر کیا۔
اس موقع پر شریک طلبہ کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ پروگرام کے آخری مرحلے میں سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے اپنے علمی سوالات پیش کیے اور مقررین کے جوابات سے استفادہ کیا۔ بعد ازاں علمی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبہ کو نفیس انعامات سے نوازا گیا۔
یوں یہ علمی نشست علامہ محمد حسین طباطبائیؒ کی قرآنی، تفسیری اور فکری خدمات سے استفادے، علماء و طلبہ کے درمیان علمی تبادلۂ خیال اور قرآن فہمی کے جذبے کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔










آپ کا تبصرہ