حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر نے آل خلیفہ کے ہاتھوں دو بحرینی نوجوانوں کو پھانسی دے کر شہید کیے جانے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے عربی ٹوئیٹر پیج پر جاری کیے جانے والے ایک پوسٹر میں شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس پوسٹر میں شہید کیے جانے والے بحرینی نوجوانوں کی تصاویر کے ساتھ عربی زبان میں رہبر انقلاب اسلامی کا یہ جملہ تحریر ہے کہ ظلم و جبر پائیدار نہیں رہے گا اور انصاف کی طلبگار قوموں کا عزم ہی کامیاب ہو گا۔
اس سے پہلے بھی رہبر انقلاب اسلامی، آل خلیفہ حکومت کے مجرمانہ اقدام کی مذمت میں سخت بیان دیتے رہے ہیں۔
بحرینی حکومت نے بے بنیاد الزامات عائد کر کے بحرین کے دو نوجوانوں منجملہ چوبیس سالہ احمد عیسی الملالی اور پچّیس سالہ علی محمد العرب کو سنیچر کے روز پھانسی دے کر شہید کر دیا تھا۔