حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی صدر محمد عالم ساجدی نے شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی برسی کے مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید عارف حسینیؒ اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی اور حقیقی وحدت کے علمبردار تھے، آپ فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے شدید مخالف تھے، اس سلسلے میں آپ کی علماء اہلسنت کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کی صفوں میں وحدت و یکجہتی کے فروغ کیلئے عظیم کاوشیں اور لازوال قربانیاں ہیں۔ محمد عالم ساجدی نے کہا کہ اتحاد و یگانگت کی ان ہی کاوشوں کی بدولت آپ کی شہادت کے موقع پر ہر شیعہ سنی مسلمان نوحہ کناں اور اشکبار تھا۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ یا آئیڈیالوجی شہداء کا عظیم اثاثہ ہوتا ہے، جس کی خاطر جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جاتا، شہید عارف حسینیؒ کا اثاثہ انکا نظریہ ولایت فقیہ تھا۔
محمد عالم ساجدی نے کہا کہ شہید عارف حسینیؒ کا تاریخی جملہ آج بھی تاریخ کے اوراق میں موجود ہے کہ میں نظریہ ولایت فقیہ کی خاطر اپنی جان و مال قربان کر سکتا ہوں، لیکن ایک انچ پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ اصغریہ تحریک آج تک شہید عارف حسینیؒ کے انہی افکار و نظریات کی امین ہے، اصغریہ کو یہ بھی افتخار حاصل ہے کہ حقیقی علمبردار وحدت، قائد اور بابصیرت شخصیت کی سرپرستی نصیب ہوئی اور مشکلات کے باوجود قیادت کی محافظت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہید عارف حسینیؒ کے مقدس خون کے وجود نے اس ملت کو تقویت و بصیرت بخشی اور ہر مشکل دور میں وحدت و یگانگت کا علم اٹھائے یہ قافلہ روں دواں ہے۔