۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
غلام

حوزہ/غلام نبی آزاد نے کہا کہ سیاسی لیڈران کو طوطے کی طرح پنجرے میں بند رکھنے سے جموں وکشمیر میں ترقی نہیں آئے گی۔ ان

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے قائد غلام نبی آزاد نے جموں وکشمیر میں سیاسی لیڈران کی نظربندی کو 'زیادتی' قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی لیڈران کی نظربندی ختم کرکے یہاں جمہوریت کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ ہندوستان کی سب سے بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے'۔ ساتھ ہی کہا کہ جموں وکشمیر کو یونین ٹریٹری بنانا یہاں کے لوگوں کی توہین اور بے عزتی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں منصہ شہود پر آنے والی 'اپنی پارٹی' پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'ایجنسی پارٹی سے جموں وکشمیر نہیں چل سکتی ہے'۔

غلام نبی آزاد نے یہ باتیں ہفتہ کے روز یہاں نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ہمراہ ان کی گپکار رہائش گاہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

سینئر کانگریس لیڈران نے فاروق عبداللہ اور دوسرے لیڈران کی نظربندی پر بات کرتے ہوئے کہا: 'فاروق صاحب کو نظربند رکھا گیا تھا جس کی وجہ ہمیں اب بھی معلوم نہیں ہے۔ عام طور پر نظربند ان لوگوں کو رکھا جاتا ہے جنہوں نے قانون کی کوئی خلاف ورزی کی ہو۔ ملک یا حکومت کے خلاف کوئی جلسہ جلوس نکالا ہو۔ لیکن انہوں نے دفعہ 370 کو ختم کرنے سے قبل ہی فاروق صاحب، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی اور دیگر سینکڑوں لیڈروں کو بند رکھا'۔

انہوں نے فاروق عبداللہ کی رہائی پر کہا: 'ہم قریب 42 برسوں سے ایک دوسرے کے دوست ہیں۔ یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی۔ میں اپنی، اپنی پارٹی اور لوک سبھا و راجیہ سبھا کے ان تمام اراکین کی طرف سے بھی آیا ہوں جنہوں نے پچھلے ساڑھے سات ماہ کے دوران پارلیمان کے اندر اور پارلیمان کے باہر یہاں کے سیاسی لیڈران اور جیلوں میں بند عام شہریوں کے حق میں آواز اٹھائی'۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'میں نے فاروق صاحب کو یہ جانکاری دی کہ کس طرح اپوزیشن جماعت کے لیڈران ان کی رہائی کے منتظر تھے۔ آپ کی رہائی بہت خوشی کی بات ہے۔ آپ نظربندی کے دوران بیمار رہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے میرا ماننا ہے کہ یہ حکومت کی طرف سے بہت بڑی زیادتی تھی۔ لیکن اللہ جس کے ساتھ ہوتا ہے اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ہے'۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ سیاسی لیڈران کو طوطے کی طرح پنجرے میں بند رکھنے سے جموں وکشمیر میں ترقی نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا: 'کشمیر کو اگر ترقی کرنی ہے۔ اس کو آگے بڑھنا ہے۔ جموں وکشمیر میں اگر ہمیں خوشحالی لانی ہے۔ لیڈروں کو طوطے کی طرح پنجرے میں بند کرنے سے ترقی نہیں ہوگی۔ لیڈران کو چھوڑ دینا ہوگا۔ رہا کرنا ہوگا۔ سیاسی عمل بحال کرنا ہوگا۔ سیاسی عمل کی بحالی سے یہاں انتخابات ہوجائیں گے۔ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اپنی سرکار چننے کا حق ہے'۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .