حوزہ نیوز ایجنسی نے iambirmingham کے حوالے سے خبر شائع کی ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ کے شہر برمنگھم میں سب سے بڑی مسجد کو بند کیا جا رہا ہے۔
برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مرکزی مسجد محلہ ہائی گیٹ میں واقع اس مسجد میں نماز جمعہ میں ہزاروں کی تعداد میں افراد شرکت کرتے ہیں۔ بوڑھے اور بیمار افراد کے کرونا وائرس سے میں مبتلا ہونے کے خطرے کے پیش نظر اس مسجد کو بند کئے جانے کا احتمال ہے۔
اس اسلامی مرکز کی انتظامیہ کی طرف سے سن رسیدہ افراد کو پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ وہ اس مسجد میں نماز جماعت میں شرکت نہ کریں۔
برمنگھم میں مرکزی مسجد کے متولی مقبول احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم حکومت کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ اگر حکومت نے اس مسجد میں بڑے اجتماعات سے روکا تو ہم نمازیوں اور عام لوگوں کی صحت و سلامتی کی خاطر مسجد میں بڑے اجتماعات کے انعقاد سے اجتناب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا:اس مسجد میں سب سے بڑا اجتماع نمازجمعہ کا ہوتا ہے۔ ہر ہفتے تین ہزار افراد اس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرتے ہیں لیکن روزانہ کی نماز جماعت میں لوگوں کی تعداد بہت کم ہوتی ہے۔ زیادہ تر لوگ اپنے محلے کی مساجدیا گھروں میں نماز ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا:ہم نے سن رسیدہ افراد کو پہلے ہی کہہ رکھا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کی خاطر گھروں میں رہیں اور نماز پڑھنے کے لیے مسجد کا رخ نہ کریں۔ روزانہ کی نماز جماعت میں نمازیوں کی تعداد بیس سے زیادہ نہیں ہوتی۔ بوڑھے اور بیمار افراد سے ہماری درخواست ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر اپنے آپ کو قرنطینہ کریں۔