۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
علی گڑھ

حوزہ/یونیورسٹی انتظامیہ افسران نے کہا کہ یونیورسٹی نے سبھی سالانہ ہال فنکشن اور کلچرل پروگرام کو ملتوی کر دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملک بھر میں کورونا وائرس سے لوگ دہشت میں ہیں۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 42 معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ مرکزی وزیر صحت کے اسپیشل سکریٹری سنجیو کمار نے کہا کہ کورونا وائرس کے اب تک کل 43 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس درمیان علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے علی گڑھ، کیرالہ، مرشد آباد (مغربی بنگال)، کشن گڑھ (بہار) اور دہلی کے طلبا کے لیے فاصلاتی تعلیمی نصاب کے سبھی امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ امتحانات 15 مارچ سے ہونے تھے، لیکن اب یہ یکم اپریل سے ہوں گے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ نے یہ فیصلہ لیا ہے۔

اے ایم یو کے فاصلاتی تعلیمی مرکز کے ڈائریکٹر پروفیسر نفیس انصاری نے کہا کہ ''ہمارے یہاں سے چار ڈگری نصابوں بی کام، ایم کام، بیلچر آف لائبریری سائنس، بی ایس سی کمپیوٹر ایپلی کیشن میں چھ ہزار طلبا رجسٹرڈ ہیں۔ وہ اب یکم اپریل سے امتحان میں شامل ہوں گے۔'' انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے بھی بڑے پیمانے پر لوگوں کو جمع ہونے سے بچنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

یو جی سی کے سکریٹری رجنیش جین نے سبھی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کو جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ ''کیمپس میں تقاریب کے انعقاد سے بچیں۔ کوئی بھی طالب علم یا ملازم اگر کووِڈ-19 سے متاثر ملک سے آیا ہے یا پھر گزشتہ 28 دنوں میں کسی متاثرہ شخص کے رابطہ میں رہا ہے تو اس پر نگرانی رکھی جانی چاہیے اور اسے 14 دنوں کے لیے گھر میں الگ سے رکھا جانا چاہیے۔''

اس درمیان یونیورسٹی انتظامیہ افسران نے کہا کہ یونیورسٹی نے سبھی سالانہ ہال فنکشن اور کلچرل پروگرام کو بھی ملتوی کر دیا ہے۔ کینیڈی جلسہ گاہ میں تقاریب کے انعقاد کے لیے کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .