۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
مولانا رفیق قاسمی

حوزہ/منادی وحدت مولانا رفیق قاسمی صاحب کے انتقال غمناک خبر نائب صدر اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن آف انڈیا کی جانب سے موصول ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام مولانا سید تقی عباس رضوی کلکتوی،نائب صدر اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن آف انڈیا نے منادی وحدت مولانا رفیق قاسمی صاحب کے انتقال غمناک خبر دی۔

نائب صدر اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن آف انڈیا نے مولانا کے ارتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا،اتحاد امت کی عملی تفسیر، اتحاد بین المسلمین کے علمبردار، جماعت اسلامی ہند کے سابق جنرل سیکرٹری مولانا رفیق قاسمی صاحب دنیا میں نہ رہے.

مولانا نے تأسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا، 6 جون کی صبح نمودار اور دن نکلتے ہی مولانا رفیق قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات حسرت آیات کی خبر نے دل کو رنجیدہ کردیا، طبیعت بے چین، اداس اور مضمحل ہے  کہ کیا ۔۔۔ واقعا! مولانا رفیق قاسمی صاحب جیسی عظیم شخصیت وفات پا گئی ہے... میں کسی طور پر بھی یقین کرنے کو تیار نہ تھا مگر انہونی تو ہو کر رہتی ہے اور موت کو کون ٹال سکتا ہے۔ لاریب موت کا ایک دن معین ہے مگر دل ہے کہ یقین کرنے پر آمادہ ہی نہیں ہو رہا تھا۔ مجھے زمانہ طالب علمی سے ہی مرحوم سے خاصا شغف رہا ۔ شاید اسی شغف کا ہی یہ فیض ہے کہ ان  کی شفقتوں اور محبتوں کی یادوں پر بار بار آنکھیں چھلک اٹھ رہی ہیں! اور ایسا کیوں نہ ہو! کچھ شخصیات ایسی بھی ہوتی ہیں جن کے جانے کا صدمہ صرف ایک خاندان، فرد یا ادارہ کا ہی نہیں بلکہ ان کے سانحہ وفات سے پورا معاشرہ اور پوری امت نڈھال ہوجاتی ہے۔

واضح رہے کہ مرحوم وحدت امت کے قائل، صفات حمیدہ اور اخلاق پاکیزہ کے مالک ہر دلعزیز اور باغ وبہار شخصیت تھے. یقیناً! قحط الرجال کے اس بھیانک دورمیں مولاناؒ جیسی موثر علمی شخصیات کا رُخصت ہوجاناملک و ملت کے لیے ایک عظیم سانحہ سے کم نہیں ہے، موصوفؒ کا خلا برسوں پُر نہ ہوسکے گا... بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی ؛اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .