۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
صدر اھلبیت فاؤنڈیشن آف انڈیا

حوزہ/دین مبین اسلام کی تبلیغ اور خدمت خلق کی راہ میں اس مجاہد مذہبی رہنما نے نا قابل فراموش اور کم نظیر خدمات انجام دیں۔

حوزه نیوز ایجنسی کے خصوصی نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید سرورعباس نقوی قمی نے جماعت اسلامی ہند کے سابق جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد رفیق قاسمی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت نامہ ارسال کیا جس کا متن اس طرح سے ہے۔ 

بسم الله الرحمن الرحیم 
          انالله و اناالیه راجعون 
آہ! جماعت اسلامی ہند کے سابق جنرل سکریٹری جناب مولانا محمد رفیق قاسمی صاحب نے داعی اجل کو لبیک کہا
بہت افسوس کے ساتھ یہ خبر ملی کہ جماعت اسلامی ہند کے سابق جنرل سکریٹری، جناب مولانا محمد رفیق قاسمی(رح) اس دار فانی کو وداع کرکے دیار باقی کی جانب کوچ کرگئے.
امت مسلمہ کی اس عظیم شخصیت کا فقدان، جماعت اسلامی ہند اور امت مسلمہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان اور انکے احباب کے لئے بڑی دردناک خبر ہے۔ آپ اہل تسنن بلکہ اسلامی امت واحدہ کے عظیم عالم، فقیہ، مصنف، اور مردِمیدانِ عمل تھے، آپ نے سن ۱۹۴۳ عیسوی میں موضع دتولی ضلع بلرام پور میں ایک علمی خاندان میں آنکھ کھولی اور مختلف اساتذہ کی خدمت میں فیضیاب ہوکر اعلی مدارج علمی کو طے کرنے کے بعد کچھ عرصہ تک  دارالعلوم دیوبند اور دیگر مختلف مدارس علمیہ میں تشنگان علم کو فیضیاب بھی کیا، پھر وقت کے تقاضوں کو دیکھتے ہوئے قوم و ملت کی خدمت میں لگ گئے اور اپنی ساری زندگی کو دین مبین اسلام کی خدمت کے لئے وقف کر دیا۔
موصوف کی ذات والا صفات ایک ایسی دلنواز اور عمدہ اخلاق سے مالامال شخصیت کی حامل تھی کہ پہلی ہی ملاقات میں اپنے اعلی اخلاق کے وہ شیرین اثرات چھوڑ جاتی تھی کہ جسکی جاں افزاء خوشبو دل و دماغ کو ہمیشہ معطر رکھتی تھی۔
مجھے موصوف کی شخصیت سے آشنائی کا شرف اس وقت حاصل ہوا جب ہمارے ادارے اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا نے سن ۲۰۰۸ میں قم المقدسہ ایران میں *ہندوستان میں اسلامی اتحاد اور اسکے نفاذ کی راہیں* کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر حکیم امت جناب ڈاکٹر سید کلب صادق نقوی دام ظلہ صاحب کی معرفی سے ہم نے موصوف کو ایران آنے کی دعوت دی اور مرحوم نے ہماری آواز پر لبیک کہا اور کانفرنس میں شرکت کے لئے ایران تشریف لائے اور اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن(انڈیا)کی جانب سے منعقدہ عالمی کانفرنس میں *اسلامی اتحاد وقت کی اہم ضرورت* کے عنوان سے بڑی جامع تقریر کی پھر اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن کے ہم اراکین کے ساتھ رہبر معظم انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کی ملاقات سے شرفیاب ہوئے اور اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن کی میزبانی میں تقریبا پانچ روز ایران میں رہ کر اسلامی جمہوریہ ایران کی اسلامی خدمات کا نزدیک سے مشاہدہ کیا اور ایران کی اسلامی خدمات سے ایسا متاثر ہوئے کہ جمہوری اسلامی ایران سے انکا دلی لگاؤ اور خالصانہ محبت آخری دم تک باقی رہی۔     
اسلامی اتحاد، دینی خدمات، اور اصلاح معاشرہ سے جڑے انکے خالصانہ جذبے نے ہمارے انکے درمیان اس رابطہ اور دینی خدمت کے باہمی  اشتراک کو آخری دم تک برقرار رکھا، موصوف کی قرآنی خدمات سے آشنائی کے لئے فون کیا تھا کہ انکے اچانک انتقال پر ملال کی خبر نے دل کو سوگوار اور آنکھوں کو اشکبار کردیا۔    
 دین مبین اسلام کی تبلیغ اور خدمت خلق کی راہ میں اس مجاہد مذہبی رہنما نے نا قابل فراموش اور کم نظیر خدمات انجام دیں۔
ہم اراکین اہل بیت(علیہم السلام)فاؤنڈیشن اس دردناک سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ، جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران، آپکے اہل خاندان، آپ کی اولادوں بالخصوص جناب مختارالحسن اور جناب انذرالباری کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور مرحوم کے لئے رحمت و مغفرت الہی کی دعا کرتے ہیں، اور ہمیں امید ہیکہ مرحوم کے فرزندان انکی راہ و روش اور فکر و منش کو ہمیشہ زندہ و برقرار رکھ کر انکی روح کو سکون بخشیں گے۔ 
والسلام 
سیّد سرور عباس نقوی قمی۔
صدر اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا
7 جون 2020 بمطابق 14 شوال المکرم 1441 هجری قمری

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .