حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے رہبران ادیان، علمی مراکز اور دانشوروں کے نام حوزات علمیہ ایران کے سربراہ حضرت آیت اللہ علی رضا اعرافی کے خط پر علمی، ثقافتی ادارہ اہل بیت(علیہم السلام)فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید سرور عباس نقوی قمی کا اظہار تقدیر و تشکر۔
علمی تعامل و تبادل پر مبنی آیت اللہ اعرافی کا خط ہندوستانی عوام سے جمہوری اسلامی ایران کی واقعی دوستی، ہمدردی، اور ہم دلی کی روشن دلیل ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
بہ محضر مبارک: رئیس محترم حوزات علمیہ جمہوری اسلامی ایران حضرت آیت اللہ آقای علی رضا اعرافی دام ظلہ۔
سلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
بارگاہ الہی میں آپکی طاعات و عبادات کی قبولیت اور آپکی صحت و سلامتی اور با عزت طول عمر کی دعا کے ساتھ ہم اراکین موسسہ علمی، فرہنگی اہل بیت(علیہم السلام)ہند، ہندوستانی رہبران ادیان اور روحانی سربراہان کے نام آپکے مہر آمیز خط کا صمیم قلب سے استقبال، اور اپنے تمام وجود و ظرفیت موجود کے ساتھ آپکی آواز پر لبیک کہتے ہیں۔
اسوقت جبکہ ملک ہندوستان کے تقریبا تمام عوام کورونا وائرس کے مہلک قہر سے بر سر پیکار ہیں، اور ۱۳۰ کروڑ انسانی آبادی پر مشتمل اس عظیم ملک کے عوام لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے ہیں ایسے حالات میں اتنا بڑا ملک پوری طرح سے مفلوج ہے، ظاہر ہے کورونا وائرس سے چل رہی اس جنگ کے بعد ملک کا اقتصادی نظام جو اسکی ترقی کا بنیادی عنصر ہے اسکا متأثر ہونا بھی مسلم امر ہے، جسکی وجہ سے عام پبلک مشکلات سے دوچار ہوسکتی ہے، ایسے حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم ادارے حوزہ علمیہ قم المقدسہ کے سربراہ اور عالم تشیع کے مرکز شہر علم و قیام قم المقدسہ کے امام جمعہ کے عظیم عہدے پر فائز شخصیت کی جانب سے ہندوستانی رہبران ادیان اور علمی و طبی دانشوروں کے نام خط لکھنا جس میں آپ نے کورونا وائرس سے جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ایرانی ڈاکٹرس، ماہرین طب، اور طبی عملہ کے کامیاب تجربات ہندوستانی طبی ماہرین کے ساتھ شئر اور انکے اختیار میں دینے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے اور ایسے مشکل وقت میں رہبران و سربراہان ادیان کو انکی ذمہ داری کی طرف متوجہ کیا ہے جو اسلامی جمہوریہ ایران کی جمہوری ہندوستان اور اسکی عوام کے ساتھ واقعی اور دیرینہ دوستی کی روشن دلیل ہے۔
اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید سرور عباس نقوی نے آیت اللہ ڈاکٹر علیرضا اعرافی کے خط کی مزید وضاحت و تشریح کرتے ہوئے بیان کیا کہ یوں تو حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ اعرافی مدظلہ العالی کے خط کا ہر ہر بند اپنے دامن میں متعدد سبق آموز اور کافی حائز اہمیت نکات کا حامل ہے مگر خط کے بعض کلمات کافی کلیدی اہمیت کے حامل ہیں سب سے پہلے آیت اللہ اعرافی نے اس خط میں کسی ایک فرقے یا گروہ سے مخاطب نہ ہو کر ہندوستان کے تمام ادیان کی قیادتوں کو اپنا مخاطب قرار دیا ہے جو اسلامی فکر و وسعت نظر پر مبنی ہے۔
آپ نے ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی و ہمدلی اور ایران میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے فورا بعد ایرانی طبی دانشوروں ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے علمی و طبی تجربات اور امکانات ہندوستانی عوام اور دانشمندوں کو پہنچانے کی بات کہی ہے، ہندوستانی عوام کی نجات کے لئے ایرانی ڈاکٹرس، طبی عملہ، اور ایرانی دانشوران طب کے قیمتی اور مجرب تجربات کو ہندوستان کے ساتھ شئر کرنے کی آمادگی کے اظہار سے گویا آپ نے تمام ادیان عالم کے پیروؤں اور انسانیت کے ساتھ مسالمت آمیز ارتباطات اور زندگی بسر کرنے کی اسلامی ہدایات اور مظلومان عالم اور مصیبت میں پھنسی انسانیت کے ساتھ ہمدردی و ہمدلی اور ہمراہی پر مبنی انقلاب اسلامی ایران کے بنیادی اصولوں کی طرف نشاندہی کی ہے۔
لہذا اب ایسے حساس موقع پر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آیت اللہ اعرافی کے اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بالخصوص ہندوستانی رہبران ادیان تک پہنچائیں۔
لہذا اس موقع پر اہل بیت(ع) فاؤنڈیشن کے اراکین نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی سختیوں کے باوجود آیت اللہ علی رضا اعرافی کے اس پر اہمیت اور مہر آمیز خط کو ہندوستان کی مختلف زبانوں میں ترجمہ اور اس کو شائع کرنے کا عزم کیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کے جال میں پھنسی انسانیت کی نجات اور لوگوں کی ہر ممکنہ امداد پر مبنی رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی اور دیگر مراجع کرام حضرت آیت اللہ العظمی سیستانی مدظلہ العالی و... کی فرمائشات پر لبیک کہتے ہوئے متعدد سختیوں اور لاک ڈاؤن کی مشکلات کے باوجود اہل بیت(ع)فاونڈیشن آف انڈیا کے صدر حجت الاسلام والمسلمین سید سرور عباس نقوی اور ادارے کے دیگر اراکین نے لاک ڈاؤن میں پھنسے غریبوں اور ضرورتمندوں تک احسان و کرامت حضرت امام رضا علیہ السلام کے عنوان سے تقسیم راشن کی مہم کو لاک ڈاؤن ہوتے ہی شروع کردیا تھا اور مشکل میں پھنسی انسانیت کی امداد کا یہ سلسلہ اتر پردیش ہندوستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں ادارے کے نمائندگان کے ذریعہ جاری ہے۔
ہم اراکین موسسہ اہل بیت علیہم السلام ہند بارگاہ الہی میں منجی عالم بشریت حضرت حجت ابن الحسن العسکری(ع)کے ظہور کی تعجیل اور رہبر معظم انقلاب حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی، مراجع کرام، اور مسئولین حوزات علمیہ کی صحت و سلامتی و طول عمر اور کورونا وائرس سے بشریت کی نجات اور اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن آف انڈیا کے خدمت گزار اراکین کے لئے روز افزون توفیقات کے طلب گار ہیں۔
واضح رہے کہ علمی، ثقافتی ادارے اہلبیت فاؤنڈیشن کا قیام سن ۲۰۰۸ عیسوی(سال انسجام اسلامی)میں جامعۃ المصطفی(ع)العالمیہ میں زیر تعلیم ہندوستانی علماء و افاضل کی کوششوں سے عمل میں آیا اور ادارے کی تشکیل و تأسیس سے اب تک آپ کی بے دریغ حمایتیں ادارے کے شامل حال رہی ہیں جسکے لئے ہم اراکین موسسہ فرہنگی اہل بیت(ع) آپ کے کے نہایت شکرگزار ہیں۔
والسلام
العبد العاصی
سید سرورعباس نقوی
خادم ادارۂ اہل بیت(ع)فاؤنڈیشن ہند