حوزہ نیوز ایجنسیl
زمانہ دیکھ رہا ہے وقارِ معصومؐہ
جوارِ بنتِ نبیؐ ہے جوارِ معصومؐہ
شعور، علم، ہنر، فکر، آگہی کے لئے
خدا نے بخشا ہے ہم کو دیارِ معصومؐہ
جو بٹ رہی ہے مسلسل زکاتِ علم و شعور
یہی ہے برکتِ لیل و نہارِ معصومؐہ
جواہرات بنائیں یہ سنگ ریزوں کو
کسے ہے علمِ حدِ اختیارِ معصومؐہ
دیا ہے سب کو بلا فرقِ مذہب و ملّت
سرائے جود و کرم ہے جوارِ معصومؐہ
ڈرے مصائبِ دنیا سے وہ بھلا کیونکر
جسے نصیب ہو پیہم حصارِ معصومؐہ
یہ مجتہد ہوں مراجع ہوں یا ولیِ فقیه
ہر اک زمانے میں ہیں اعتبارِ معصومؐہ
یزیدی فتنوں کے دنیا سے خاتمہ کے لئے
ابھی تو زندہ ہے اک ورثہ دارِ معصومؐہ
بلندیاں جسے جھک کر سلام کرتی ہیں
زمینِ قم پہ ہے روشن منارِ معصومؐہ
یہاں ملائکہ محوِ طواف رہتے ہیں
ہے عرش والوں کا کعبہ مزارِ معصومؐہ
رقم ہے صفحہءِ تقدیر پر تمہارے ناؔز
غلامِ اختِ رضا جانثارِ معصومؐہ
نتیجۂ فکر: ناز حیدر نقوی زید عزہ