۵ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۵ شوال ۱۴۴۵ | Apr 24, 2024
شمس بلتستانی

حوزہ/اوصاف کبریاء کا ہے مظہر ترا وجود/رتبہ کسی سے تیرا گھٹایا نہ جائے گا؛نتیجۂ فکر:شمسؔ بلتستانی زید عزہ

حوزہ نیوز ایجنسی |

ذکرِ رضا جہاں سے مٹایا نہ جائے گا
 یہ چاند تیرگی سے چھپایا نہ جائے گا

اوصاف کبریاء کا ہے مظہر ترا وجود
رتبہ کسی سے تیرا گھٹایا نہ جائے گا

میں ہوں یہاں یہ ماں کی طہارت کی ہے سند
مشہد میں بد نسب سے تو آیا نہ جائے گا

جو وقت میں نے مشہد و قم میں بِتا دیا
مجھ سے کبھی وہ وقت بھلایا نہ جائے گا

شہ نے چراغ اِس لیے خاموش کر دیا
یہ بوجھ روشنی سے اُٹھایا نہ جائے گا

رندانِ حق کو ساقیِ کوثر پلائیں گے
وہ جام جو کسی کو پلایا نہ جائے  گا

دو انگلیوں پہ جسکو علی نے اُٹھا لیا
وہ در تو لشکروں سے ہلایا نہ جائے گا

بیٹی کے احترام میں اُٹھیں گے خود رسول
یہ مرتبہ کسی کو دلایا نہ جائے گا

بس پنجتن ہی زیرِ کساء شمس آئیں گے
اِنکے سواء کسی کو بُلایا نہ جائے گا

نتیجۂ فکر:شمسؔ بلتستانی زید عزہ

لیبلز