۱ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۱ شوال ۱۴۴۵ | Apr 20, 2024
News ID: 361395
11 جولائی 2020 - 18:04
مولانا ظہیر الہ آبادی نجف اشرف

جاھلوں کو نہیں عالم سے ملاؤ لوگوں/کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں؛نتیجہ فکر: مولانا ظہیر الہ آبادی نجف اشرف

حوزہ نیوز ایجنسی | 

جاھلوں کو نہیں عالم سے ملاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

کر رہا ہوں میں رقم نظم بنامِ علماء 
حکمتوں سے ہے بھرا اب بھی کلامِ علماء 
خُلق و تہذیب کی صورت میں پیامِ علماء 
ہے مرا فخر کہ ہوں میں بھی غلامِ علماء 
چھوڑ کے کِبر درِ علم پہ آؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

دے دیا دین کو ان لوگوں نے کنبہ اپنا
دیں کی خاطر ہی تو چھوڑا ہے قبیلہ اپنا
عمر بخشی ہے دیا زیست کا لمحہ اپنا
لوگ انھیں چھوڑ کے دیکھا کئے اپنا اپنا
کیا یہی ان کا تھا انعام بتاؤ لوگوں
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤلوگوں

 بابِ عالم کی طرف جانا بقولِ احمد 
بخش دیتا ہے مرے ضعفِ کلامی کو سند
دیں بچانا ہی ہے ان لوگوں کا پہلا مقصد 
ان کی خدمت سے ہی ہوتی ہے شریعت کی مدد
محترم جانو انھیں عظمتیں پاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

سالوں پڑھتے ہیں تو عرفان انھیں ملتا ہے
کچھ نہیں ملتا ہے، یزدان انھیں ملتا ہے 
کھوٹے سکّے نہیں قرآن انھیں ملتا ہے 
آج بھی جھک کے ہر انسان انھیں ملتا ہے 
ان کی دہلیز سے لَو تم بھی لگاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

ان کے ہر قول کے پیچھے ہے روایت کی مدد 
ایسے لوگوں نے ہی سمجھا ہے قل ھو اللہ احد
ان کی توصیف لکھوں کیسے یہ ہیں خارجِ حد
ہو گیا اور قدآور مرے افکار کا قد
ان کی عزت کرو قد اپنا بڑھاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

رابطہ ان کا اسی چشمئہ فیضان سے ہے
جن کے ہر فعل کی تائید بھی قرآن سے ہے
فیصلہ جن کا ہر اک مرضئ یزدان سے ہے 
رشتئہ شعر و سخن میرا بھی سلمان سے ہے
اس طرف ایک قدم تم بھی برھاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں

ان کی چوکھٹ  پہ جبیں سائی کا انعام ملا
جن کا فیضان زمانے میں سدا عام ملا
جن کے قدموں پڑا کنبئہ اصنام ملا
جن کے بچوں کی بدولت ہی تو اسلام ملا
بات یہ پورے زمانے کو بتاؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤ لوگوں 

بات سچّی ہے کہ یہ لوگ ظہیرِ مولا 
بھٹکے لوگوں کو دکھاتے رہے سیدھا رستہ
ہاں مگر جب بھی کبھی رنج نے ان کو گھیرا
یوسفِ فاطمہ زھرا پئے امداد برھا
تم بھی کردار کچھ ایسا ہی بناؤ لوگوں 
کچھ تناسب تو رکھو شرم تو کھاؤلوگوں

نتیجۂ فکر: مولانا ظہیر الہ آبادی نجف اشرف

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .