۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
سلمان عابدی

حوزہ/طیبہ ترے ذروں کے مقدر پہ نظر ہے/دنیا میں شہ طوس کے آنے کی خبر ہے ؛نتیجۂ فکر: حجت الاسلام مولانا سلمان عابدی زید عزہ

حوزہ نیوز ایجنسیl
طیبہ ترے ذروں کے مقدر پہ نظر ہے
دنیا میں شہ طوس کے آنے کی خبر ہے 

جو شارح قرآں جو صحیفوں کا مفسر
جو سات اماموں کی دعاؤں کا ثمر ہے

مرقد تو ہے دو شاہوں کی قبروں کے وسط میں 
لیکن کوئی جلوہ نہ ادھر ہے نہ ادھر ہے 

ہم طوس کے ذروں کو بھی رکھ لیتے ہیں سر پر
وہ جوہری ہم ہیں جنہیں عرفان گہر ہے

مشہد کا کفن اوڑھ کے آیا ہوں فرشتو
کہدو مرے مالک سے یہی زاد سفر ہے 

یوں تو کئی قصے ہیں فضیلت میں رضا کی
لیکن مری اک چھوٹے سے قصہ پہ نظر ہے 

یہ شاہ خراسان کے قدموں کا اثر ہے 
فیروزہ ایراں پہ زمانہ کی نظر ہے

بڑھتی ہے خراساں کو جو مولا کی سواری 
کہتے ہیں نجومی کہ بہت خوب سفر ہے

یہ شوق زیارت ہے کہ اعجاز امامت !
افراد کا سیلاب سر راہ گذر ہے

فرزند نبی پردہ محمل کے ہیں اندر
یا ابر میں مخفی کوئی ضوتاب قمر ہے

پردہ جو عماری کا صحابی نے اٹھایا
ہر منہ سے یہ نکلا کہ محمد کا پسر ہے

کل تم نے قلم دینے سے انکار کیا تھا 
لیکن سر میدان یہاں رنگ دگر ہے

بے چین ہیں کب ہو لب پرنور کو جنبش
ارباب قلم کی رخ مولا پہ نظر ہے 

اتنے میں ہلے ہونٹ صدا آئی کہ سن لو
عصمت کے حوالوں سے مزین یہ خبر ہے 

اک قلعہ مضبوط ہے توحید کا کلمہ 
اجائے جو اس میں اسے کس بات کا ڈر ہے 

پھر آئی صدا کلمہ وحدت بھی ہے بیکار
وحدت کی شرائط میں اگر کوئی کسر ہے 

وحدت کی شرائط بھی ڈبو سکتی ہیں تم کو
تھوڑی بھی کمی میری محبت میں اگر ہے 

یہ کہہ کے نہاں ہوگئی مولا کی سواری
اک شور ہوا دیکھو کہاں ہے وہ کدھر ہے 

وہ ضامن آہو وہ زمانے کا نگہباں
وہ جس کو زمیں کیا کہ فلک کی بھی خبر ہے 

وہ جس کی ہے چوکھٹ پہ سر شوکت شاہی
وہ جس کو سمجھنے میں ابھی فہم بشر ہے 

اک تیسرے مطلع کی جو آمد ہے زباں پر
یہ بھی ترا فن ہے ترا سلمان ہنر ہے

ایران پہ حملہ ہو یہ دشمن کو خبر ہے
طوفاں کی تباہی لئے ذرے کا جگر ہے

یہ کابل و بغداد نہیں جان لے دشمن 
اس کے لئے یاں جائے اماں ہے نہ مفر ہے

اس ملک کے ہر ایک کنارے پہ بہ دقت
معصومہ قم اور شہ مشہد کی نظر ہے

اس خاک سے پیدا ہوئے ارباب فقاہت
یہ جلوہ گہ طاہر و حمزہ کا اثر ہے

کیا تیز ہے سلمانؔ قلم مدح رضا میں 
اب اس سے بھی اچھی کوئی دنیا میں سپر ہے

نتیجۂ فکر: حجت الاسلام مولانا سلمان عابدی زید عزہ

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .