۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
مولانا سید صفدر حسین زیدی

حوزہ/عقل کے ذریعہ انسان اللہ کی معرفت کے ساتھ عبادت کر کے جنت حاصل کرتا ہے لہذا جو لوگ اللہ کے اطاعت گذار اور عبادت گذار ہیں وہی حقیقی عقلمند ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مدرسہ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور کے بانی و مدیر حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید صفدر حسین زیدی نے ایک مجلس ایصال ثواب میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ عقل ایک الہی نعمت ہے۔

روایت میں ہے کہ اللہ نے جب عقل کو خلق کیا تو اسے حکم دیا کہ ٹھہر جا تو وہ رک گئی جب حکم دیا آگے بڑھ تو آگے بڑھی اور جب حکم دیا کہ پیچھے ہٹ تو پیچھے ہٹ گئی۔ لہذا عقل مند وہی ہے جو حکم خدا کی پابندی کرے اور بغیر کسی چوں و چرا حکم خدا کے سامنے سر تسلیم خم کر دے۔ 

مولانا سید صفدر حسین زیدی  نے کہا کہ روایت میں ہے کہ عقل کے ذریعہ انسان اللہ کی معرفت کے ساتھ عبادت کر کے جنت حاصل کرتا ہے لہذا جو لوگ اللہ کے اطاعت گذار اور عبادت گذار ہیں وہی حقیقی عقلمند ہیں۔ اللہ کی نا فرمانی اور گناہ عقل نہیں بلکہ جہالت و حماقت ہے۔ جو لوگ دنیا میں ظلم و ستم اور انسانی اقدار سے کھلواڑ کر رہے ہیں چاہے دنیا انہیں جتنا بڑا ہی طاقت ور اور عقلمند سمجھے لیکن حقیقت میں وہ عقل مند نہیں  اور نا ہی انکو عقلمند سمجھنے والے صاحب عقل ھیں بلکہ مکار اور جاہل ڈر پوک ہیں۔ 

مولانا سید صفدر حسین زیدی نے مولا علی علیہ السلام کی ایک روایت کی روشنی میں زوال عقل کے اسباب بتاتے ہوئے بیان کیا کہ دولت، شہرت اور منصب وغیرہ کی کا نشہ زوال عقل کے  اھم اسباب میں ہیں اسی لئے ہم دیکھتے ہیں کہ دنیا میں وہ تمام لوگ جو دولت ، شہرت اور طاقت کے نشے میں خلق خدا پر ظلم و ستم اور انکے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں وہ اپنے زعم ناقص میں خود کو عقلمند طاقتور سمجھ رہے ہیں لیکن حقیقت میں وہ عقل سے دور اور ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ کیوں کہ وہ حقیقت عقل اور اس کے تقاضوں سے دور ہیں۔  کربلا والوں نے حقیقت عقل کا ادراک کیا اور اپنے امام کی اطاعت کی تو امام معصوم نے انکی ہمراہی کی تمنا فرمائی۔ 

واضح رہے یہ مجلس ترحیم جونپور شہر کے مرد مومن جناب سید اقبال حسین زیدی صاحب مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے ان کے پسماندگان آصف اقبال راغب اقبال نے منعقد کی تھی اس موقع پر مولانا عادل منظور صاحب بھی شریک تھے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .