۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ مقصودڈومکی

حوزہ/ ملت جعفریہ نے ہزاروں شہداء کی مقدس لاشوں کو پیارے پاکستان کے پرچم میں کفن دے کر یہ بات ثابت کی ہے کہ اسے پاک وطن سے لازوال محبت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مسنگ پرسنز کا معاملہ پاکستان کے آئین اور قانون کی روشنی میں حل ہونا چاہئے ماورائے آئین اقدامات سے معاشرے میں انتشار اور احساس عدم تحفظ پیدا ہوتا ہے۔ اگر کسی پاکستانی شہری نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے یا وہ کسی جرم کا مرتکب ہوا ہے تو اس کے لئے تھانے اور عدالتیں موجود ہیں جو قانون کے مطابق مجرم کو سزا دینے کا مکمل اختیار رکھتی ہیں۔

انہوں نےکہا کہ قانون کی حاکمیت کا تقاضا یہ ہے کہ سب اپنے آپ کو ملکی آئین و قانون کے مقابل خود کو ذمہ دار سمجھیں ماورائے آئین اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابل قبول ہوتے ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان  نےکہا کہ ملک کے مقتدر ادارے مسنگ پرسنز کی فیملیز کے درد کو سمجھیں معصوم بچے بیوہ عورتیں اور بوڑھی ماوں کی فریاد سنی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسنگ پرسنز کی فیملیز کی فریاد پر ہمدردانہ غور کیا جائے اور ریاست اپنے شہریوں کے لئے ایک شفیق ماں اور مہربان باپ کا کردار ادا کرے تو معاملات بہتر انداز سے حل ہوں گے۔

موصوف نے آخر میں کہا کہ ملت جعفریہ نے ہزاروں شہداء کی مقدس لاشوں کو پیارے پاکستان کے پرچم میں کفن دے کر یہ بات ثابت کی ہے کہ اسے پاک وطن سے لازوال محبت ہے کوئٹہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے مسنگ پرسنز کو فورا بازیاب کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .