۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
ملتان میں اسرائیل نامنظور احتجاجی ریلی

حوزہ/ جو مسلم حکمران صیہونیت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، وہ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنے مذموم مقاصد میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او کے زیراہتمام ''اسرائیل نامنظور احتجاجی ریلی'' نکالی گئی۔ شرکاء احتجاج نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے، جن پر اسرائیل عرب اتحاد اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ کارکنوں نے فلسطینوں کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں نے کہا کہ اسرائیل عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے، اس کی شاطرانہ چالوں سے دوست دشمن کوئی بھی محفوظ نہیں۔ جو مسلمان حکمران اسرائیل کو اپنا دوست سمجھتے ہیں، وہ صیہونی فریب کاریوں سے دانستہ طور پر لاعلم بنے بیٹھے ہیں۔ عرب حکمرانوں کا وقتی فوائد حاصل کرنے کے لیے اپنی نسلوں کو یرغمال بنانے کا یہ سودا انتہائی احمقانہ اور بزدلانہ ہے، جس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

آئی ایس او کے رہنما اشتر عباس نے کہا کہ فلسطین و اسرائیل کی جنگ کسی زمینی تنازعے کے نام نہیں بلکہ یہ حق و باطل کا معرکہ ہے، دو متصادم قوتیں اپنے ہم خیال حکمرانوں کو اپنے اپنے بلاک میں شامل کر رہی ہیں، صیہونیت کے جو دوست ہیں، وہ عالم اسلام کے کبھی خیرخواہ نہیں ہوسکتے، اب امت مسلمہ کے فیصلے کا وقت آن پہنچا ہے، عالم استکبار کے حامی عالم اسلام کے دشمن ہیں، چاہے وہ کسی بھی لبادے میں ہوں۔ علامہ وسیم معصومی اور علامہ سبطین نجفی نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک اس تنازعے کا خاتمہ ممکن نہیں، جو مسلم حکمران صیہونیت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، وہ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اپنے مذموم مقاصد میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکہ خطے میں اسرائیلی بالادستی کے قیام کا جو خواب دیکھ رہا ہے، اس کی تعبیر انتہائی بھیانک ہوگی، پوری قوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینی قوم کی دلیرانہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

ریلی کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ سبطین نجفی، مولانا وسیم عباس معصومی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنماء اشتر عباس، ڈویژنل صدر شہریار حیدر نے کی، جبکہ ریلی میں سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت علی، ندیم عباس کاظمی، ضلعی سیکرٹری جنرل فخر نسیم، جواد رضا جعفری، عابس رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .