حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری معروف عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید حسن ظفر نقوی نے کراچی میں محرم الحرام کی پہلی مجلس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ میدان کربلا میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی لازوال قربانی حکومت اور اقتدار کے لئے نہیں بلکہ ملوکیت اور آمریت کو اسلام سے علیحدہ کرنے کے لئے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ امام حسین علیہ السلام اور آپ کے انصار کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا میں کہیں بھی بادشاہوں اور آمروں کو اسلام کا نمائندہ نہیں کہا جاتا جبکہ یزید چاہتا تھا کہ اپنے آپ کو رسول برحق صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا جانشین اور امیرالمومنین بنا کر پیش کرے، مگر فرزند رسول نے قیامت تک کے لئے یزیدی قوتوں کو ذلت سے دوچار کردیا۔