۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
پاکستان کے کراچی میں اسرائیل مخالف احتجاج

حوزہ/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ کے روز کراچی میں ”اسرائیل مردہ باد“ریلیاں نکالی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ کے روز کراچی میں ”اسرائیل مردہ باد“ریلیاں نکالی گئیں۔ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں ملی یکجہتی کونسل اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر شیعہ سنی جماعتیں بھی شریک تھیں۔ ریلیوں میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماوں کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ شرکاء احتجاج نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر اسرائیل عرب اتحاد اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ کارکنوں نے فلسطینوں کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

مقررین نے احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے مطالبے کو دینی غیرت و حمیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں نے اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کر کے امت مسلمہ کی پیٹھ میں خنجر گونپا ہے، مسلمانوں کے لبادے میں چھپے ہوئے ان صیہونی ایجنٹون کو یہ ناپاک جسارت مہنگی پڑے گی، دنیا بھر کے مسلمان متحدہ عرب امارات کے اس اقدام پر شدید نفرت کا اظہار کررہے ہیں۔ کراچی ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے جامع مسجد حیدری کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ محمد صادق جعفری نے کہا کہ اسرائیل عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے، اس کی شاطرانہ چالوں سے دوست دشمن کوئی بھی محفوظ نہیں، جو مسلمان حکمران اسرائیل کو اپنا دوست سمجھتے ہیں وہ صیہونی فریب کاریوں سے دانستہ طور پر لاعلم بنے بیٹھے ہیں، عرب حکمرانوں کا وقتی فوائد حاصل کرنے کے لئے اپنی نسلوں کو یرغمال بنانے کا یہ سودا انتہائی احمقانہ اور بزدلانہ ہے،جس پر تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین و اسرائیل کی جنگ کسی زمینی تنازعے کے نام نہیں بلکہ یہ حق و باطل کا معرکہ ہے، دو متصادم قوتیں اپنے ہم خیال حکمرانوں کو اپنے اپنے بلاک میں شامل کر رہی ہیں، صیہونیت کے جو دوست ہیں وہ عالم اسلام کے کبھی خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اب امت مسلمہ کے فیصلے کا وقت آن پہنچا ہیں، عالم استکبار کے حامی عالم اسلام کے دشمن ہیں چاہے وہ کسی بھی لبادے میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی تک اس تنازعے کا خاتمہ ممکن نہیں، جو مسلم حکمران صیہونیت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں وہ مسلمانوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنے مذموم مقاصد میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکہ خطے میں اسرائیلی بالادستی کے قیام کا جو خواب دیکھ رہا ہے اس کی تعبیر انتہائی بھیانک ہوگی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .