۷ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 26, 2024
آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ آغا حسن نے یوم عاشورا کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ سرزمین کربلا پر سنہ61 ہجری کو رونما ہونے والا حق و باطل کا لا مثال معرکہ رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رہے گا اور دنیائے بشریت کو ظلم و ظالم کے خلاف مزاحمت واستقامت کا جذبہ عطا کرتا رہے گا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سرینگر: یوم عاشورا کے موقعہ پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا جہاں علمائے کرام اور ذاکرین نے فلسفہ شہادت حضرت امام حسینؑ اور معرکہ کربلا کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

انجمن شرعی شیعیان کے خانہ محبوس صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی 13 ماہ سے جاری خانہ نظر بندی کی وجہ سے کسی بھی محرم مجلس میں شرکت نہ کرسکے۔ عزاداروں کے پُر زور مطالبے کے باوجودریاستی انتظامیہ نے آغا حسن کو مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں مجلس عاشورا میں شرکت کی اجازت نہیں دی۔

آغا حسن نے یوم عاشورا کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ سرزمین کربلا پر سنہ61 ہجری کو رونما ہونے والا حق و باطل کا لا مثال معرکہ رہتی دنیا تک زندہ و جاوید رہے گا اور دنیائے بشریت کو ظلم و ظالم کے خلاف مزاحمت واستقامت کا جذبہ عطا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ عاشورائے حسینیؑ اسلام و انسانیت کے تحفظ و بقاء کی درسگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے جہاں انسانی صحت و سلامتی کو اولین ترجیح حاصل ہے۔ موجودہ وبائی صورتحال میں مراسم عزا کے دوران انسانی صحت و سلامتی کے تقاضوں کا پاس و لحاظ عین شریعت ہے۔ اس لئے ہمارے مراجع کرام نے بالخصوص ولی فقیہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مدظلہ اور مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی مدظلہ نے طبی ماہرین کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کی روشنی میں مراسم عزاداری سے متعلق واضح ہدایات اور احتیاطی حکمت عملی مرتب کرکے عوام الناس سے ان پر عمل پیرا رہنے کی تاکید کر رکھی ہے۔جلوس ہائے عزا کے دوران ان ہدایات و احکامات کی عمل آوری میں چند عناصر کی غیر سنجیدگی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ عزاداری کے زیر سایہ ولی فقیہ کے تاکیدی احکامات سے روگردانی بذات خود عاشورا کے انسانیت ساز پیغام کے منافی ہے۔ ایام محرم کے دوران مختلف مقامات پر عزاداری کے جلوسوں پر پولیس تشدد کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔

آغا حسن نے کہا کہ وبائی صورتحال میں حکومت کی محرم پالیسی میں تضاد کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعات پیش آئے۔ان واقعات میں شدید طور پر مضروب عزاداروں سے دلی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ وبائی صورتحال کی آڑ میں مذہبی جلوسوں پر پولیس کا وحشیانہ تشدد اس بات کی عکاسی ہے کہ حکومت ریاستی مسلمان عوام کی مذہبی آزادی کو مکمل طور پر سلب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ آغا حسن نے ایام محرم کے دوران گرفتار کئے گئے عزاداروں کی فوری رہائی کا مطالبہ دہرایا اور ان کے خلاف دائر کئے گئے معاملات کو واپس لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .