حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیری طلاب کے زیر اہتمام کشمیری عوام پر ہندوستانی حکومت کے مظالم اور بربریت کے خلاف امام ہشتم امام رضا علیہ السلام کے حرم کے سامنے کشمیری مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مطاہرین نے کشمیری مظلوموں کے ساتھ اظہار ہمدردی پر مبنی پوسٹر، بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر پر ظلم کے خلاف کے ساتھ ساتھ کشمیری مظلوموں کو پیغام دیا گیا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔
احتجاجی مظاہرے میں علمائے کرام اور طلاب کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے ہندوستانی حکومت کے خلاف اور کشمیری مظلوموں کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرہ کے خطاب میں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پر حکومت ہندوستان کے مظالم جہاں انسانیت سوز ہیں وہیں عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں، ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے کشمیری مسلمان کرفیو میں ہیں، عالمی طاقتیں اور استعمار حکومت ہندوستان کا ساتھ دے رہا ہے، آج اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آرہے ہیں، کشمیری عوام اس وقت شدید اذیت میں ہیں، حکومت ہندوستان اپنی ہٹ دھرمی اور مظالم کی تمام حدیں پار کرچکا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ تمام مسلمان ممالک کشمیری عوام کے لیے آواز بلند کریں۔