ہفتہ 18 اپریل 2026 - 02:11
ایران تنہا نہیں؛ قم المقدسہ میں علما و طلابِ ہندستان کا موکب، یکجہتی اور عہدِ وفا کا عملی اظہار

حوزہ/ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جاری جنگی صورتحال کے دوران قم المقدسہ میں مقیم علما و طلابِ ہندستان نے موکبِ اباعبدالله الحسینؑ قائم کرکے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی، خدمتِ خلق اور عہدِ وفا کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جبکہ دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ایران ہرگز تنہا نہیں ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جاری جنگی صورتحال کے دوران قم المقدسہ میں مقیم علما و طلابِ ہندستان نے عوامی خدمت اور یکجہتی کے اظہار کے لیے موکبِ اباعبدالله الحسین علیہ السلام کا انعقاد کیا ہے، جہاں زائرین، مقامی عوام اور شاہراہوں سے گزرنے والے افراد کی خدمت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

اس موکب کا مقصد ایک جانب خدمتِ خلق اور عزاداریِ سید الشہداءؑ کے پیغام کو زندہ رکھنا ہے، جبکہ دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی، حمایت اور برادرانہ یکجہتی کا عملی اظہار بھی ہے۔

منتظمین کے مطابق، موکب میں گزشتہ دو ہفتوں سے مسلسل خدمات انجام دی جا رہی ہیں، اور اس سلسلے کو مزید چند ہفتوں تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ موجودہ حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور یہ پیغام پوری دنیا تک پہنچایا جا سکے کہ ایران ہرگز تنہا نہیں ہے۔

موکب میں موجود علما و طلابِ ہند کا کہنا ہے کہ ایران ان کے لیے صرف ایک درسگاہ نہیں، بلکہ ایک حرم، ایک عقیدت اور ایک خطِ قرمز کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان، برصغیر اور دیگر ممالک کے مسلمان اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایران ہرگز تنہا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اس لیے موجود ہیں تاکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، دینی اخوت اور اسلامی برادری کے جذبے کو عملی صورت میں پیش کیا جا سکے۔ ان کے بقول، ایران اور برصغیر کے مسلمانوں کے درمیان تعلق، محبت اور فکری وابستگی ماضی کی طرح آج بھی نہایت مضبوط اور مستحکم ہے۔

موکب میں شریک طلاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی، شہداء کے خون کے انتقام اور جلد فتح و نصرت کے لیے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا۔

اس موقع پر حوزہ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا مظفر مدنی، جن کا تعلق ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر سے ہے، نے کہا: “ہم قم المقدسہ میں جمع ہوئے ہیں تاکہ ایران کے غیور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کریں۔ ایران ہمارے لیے حرم کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی حرمت ہمارے لیے خطِ قرمز ہے۔”

مولانا شفیع رضوی بھیکپوری نے کہا: “موکبِ اباعبدالله الحسینؑ کے ذریعے ہم خدمتِ خلق انجام دے رہے ہیں اور یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمان ہر حال میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

موکب میں موجود ایک خواہر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “ہم یہاں شہداء کے خون کی پاسداری اور اپنے رہبرِ شہید سے وفاداری کے جذبے کے ساتھ موجود ہیں، اور آخری دم تک میدان خالی نہیں کریں گے۔”

ریڈیو تہران سے تشریف لائے مولانا علی عباس نے کہا: “ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایران تنہا نہیں، بلکہ پوری امتِ مسلمہ اس کے ساتھ ہے، اور ہم مال و جان کے ساتھ اس راہ میں قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔”

نائب امام جمعہ لکھنؤ مولانا رضا حیدر نے کہا: “ہندوستان، پاکستان اور ایران کے مسلمانوں کے درمیان محبت اور تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اور ان شاء اللہ جلد جشنِ فتح منایا جائے گا۔”

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha