حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ کے جارحانہ اور غیر اخلاقی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف عالمی امن و استحکام پر حملہ ہے، بلکہ تمام اسلامی ممالک کے وقار، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف ایک خطرناک پیغام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام سراسر بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ جب ایک خودمختار ملک کی سالمیت کو صرف اس لیے نشانہ بنایا جائے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرتا تو یہ پوری دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
آقا سید حسن نے کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ ایران پر حملہ دراصل پوری اسلامی شناخت پر حملہ ہے۔ ایران نے ہمیشہ مظلومین کی حمایت کی ہے، فلسطین، یمن، لبنان، شام اور افغانستان کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے، یہی جرأت مندانہ مؤقف امریکہ اور اس کے صیہونی حواریوں کو گراں گزرا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ بھی باور کروانا چاہتے ہیں کہ امریکی صدر کی پالیسیاں آج کے دور میں نازی طرزِ فکر کی یاد دلاتی ہیں۔ وہ دنیا کو دھونس، دھمکی اور قتل و غارت کے ذریعے غلام بنانا چاہتا ہے، لیکن یاد رہے کہ "حق کی طاقت، طاقت کے زور سے کہیں زیادہ مستحکم ہوتی ہے۔"
آغا سید حسن نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس وحشیانہ حملے کے خلاف کھل کر آواز بلند کریں، خاموشی جرم کے مترادف ہوگی۔
انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ ہم پوری کشمیری قوم کی طرف سے رہبرِ معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (دام ظلہ العالی)، ایرانی حکومت، مسلح افواج اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں، جذبات، اور دعوے ایران کے ساتھ ہیں۔ ایران تنہا نہیں، پوری ملتِ اسلامیہ اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ریاست جموں و کشمیر کے تمام علماء، دینی تنظیموں اور عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ جمعہ کے دن ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اجتماعات منعقد کریں، مذمتی قراردادیں پیش کریں اور دشمنانِ اسلام کو واضح پیغام دیں کہ "اگر ایران تمہارا نشانہ ہے، تو ہم سب تمہارے مقابلے کے لیے تیار ہیں!" اللہ تعالیٰ اسلامی جمہوریہ ایران کو دشمنانِ دین و ملت کے شر سے محفوظ رکھے اور امت مسلمہ کو بیداری، اتحاد اور مزاحمت کی قوت عطا فرمائے۔ وما النصر إلا من عند اللہ العزیز الحکیم









آپ کا تبصرہ