حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیان ضلع بڈگام کے دیہہ، زونل اور ضلع صدور و سیکریٹری صاحبان اور دیگر معزز اراکین و عاملین کا خصوصی محرم اجلاس صدر دفتر پر تنظیم کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں تنظیم کے اہتمام سے ضلع بڈگام کے اطراف و اکناف میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوس ہائے عزاء اور مجالس حسینیؑ کے انتظامات کو تفصیلی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔
اراکین و عاملین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم کی مجالس کے اطمینان بخش اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیوں کو بروئے کار لائیں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی نے ماہ محرم الحرام کو دین و شریعت کے تحفظ کے لیے احساسِ ذمہ داریوں کی تجدید کا مہینہ قرار دیا اور اراکین و عاملین پر تاکید کی کہ وہ محرم کی مجالس کے دوران ہر سطح پر حدودِ شریعت اور احترامِ انسانیت کو ترجیح دے کر شہدائے کربلا ؑکو حقیقی معنوں میں خراجِ تحسین پیش کریں۔
آغا صاحب نے کہا کہ امام عالیمقامؑ اور انؑ کے جان نثاروں کی عظیم قربانیاں ملت اسلامیہ کا سرمایہ نجات ہیں۔
اس موقع پر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے ایران کے ہاتھوں اسرائیل کو دی گئی شکست کو پوری امت مسلمہ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ امت کے لیے امید کا پیغام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین و غزہ پر جاری ظلم و ستم میں روز افزوں اضافہ ایک لمحہ فکریہ ہے، جس کے تدارک کے لیے امت کو اتحاد، بیداری اور عملی اقدام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔









آپ کا تبصرہ