حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڈگام، کشمیر/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، شریعت آباد یوسفی آباد بڈگام کے زیر اہتمام رہبر معظم انقلاب اسلامی، آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای (مدّ ظلہ العالی) کی صحت و سلامتی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی و سربلندی کے لیے ایک پُر سوز دعائیہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جسے حجث الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کی ہدایت پر اور مولانا سید محسن رضوی کی زیر صدارت انجام دیا گیا۔

اجلاس کا آغاز دعائے توسل اور زیارت عاشورا کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد مؤمنین نے اجتماعی طور پر بارگاہِ خداوندی میں رہبرِ معظم کی سلامتی اور مظلومین جہاں کی نصرت کے لیے دعائیں کیں۔ محفل کے اختتام پر مرثیہ خوانی بھی پیش کی گئی جس نے روحانی ماحول کو مزید معنویت بخشی۔
اس موقع پر آغا سید محسن رضوی نے اپنے خطاب میں کہا: رہبرِ معظم آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدّظلہ العالی) آج کے دور میں دنیا بھر کے مستضعفین، مظلوموں، بے سہارا اور بے نوا انسانوں کے سچے علمبردار اور حقیقی پناہ گاہ ہیں۔ وہ صرف ایران ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اس عظیم نعمتِ الٰہی کی قدر کریں اور ان کے پیغام و رہنمائی پر عمل پیرا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا: آج بھی وقت ہے کہ مسلمان امت بیدار ہو، تفرقہ اور ذاتی مفادات کو چھوڑ کر ایک ہو جائے، اور متحد ہو کر موجودہ دور کی انسانیت دشمن طاقتوں کو نیست و نابود کرنے کے لیے آواز بلند کرے۔ اتحاد، اخوت اور ولایت کے سائے میں ہی نجات کا راستہ ہے۔
دعائیہ اجلاس میں علماء، ذاکرین، مؤمنین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے رہبرِ معظم کی خدمت میں اپنی قلبی وابستگی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے عملی میدان میں استقامت کا عہد کیا۔









آپ کا تبصرہ