منگل 1 جولائی 2025 - 19:00
انجمنِ شرعی کے اہتمام سے وادی بھر میں جلوس ہائے عزاء کا سلسلہ جاری

حوزہ/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 5 محرم الحرام کو بھی وادی کے اطراف و اکناف میں جلوس ہائے عزا کا سلسلہ جاری رہا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے 5 محرم الحرام کو بھی وادی کے اطراف و اکناف میں جلوس ہائے عزا کا سلسلہ جاری رہا۔ تنظیم کے مشتہر پروگرام کے تحت ضلع بڈگام میں ہانجک بمنہ سے علم شریف کا جلوس برآمد کیا گیا، جبکہ ضلع سرینگر میں گنڈ حسی بٹ ، گلشن باغ پازولپورہ، شالیمار ، لعل بازار، عشائی باغ اور کاٹھہ میدان جڈی بل میں علم شریف کے جلوس نکالے گئے۔ ضلع بانڈی پورہ میں مدون ،مرتضیٰ آباد اندرکوٹ سمبل سوناواری میں بھی جلوس ہائے عزاءبرآمد کئے گئے۔ عزاداری کے ان جلوسوں میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداران نے شرکت کرکے شہدائے کربلا کو اپنی عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔

کئی مقامات پر علمائے دین نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے عزاداروں کو قیام امام حسینؑ کے اہداف و مقاصد اور کربلا کے آفاقی پیغام کی طرف متوجہ کیا۔لاویپورہ گنڈ حسی بٹ میں علم شریف کا ایک پروقار جلوس برآمد کیا گیا، جس میں حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے شرکت کی۔

انجمنِ شرعی کے اہتمام سے وادی بھر میں جلوس ہائے عزاء کا سلسلہ جاری

جلوس ہاے علم شریف میں شامل عزاداروں سے آغا مجتبیٰ عباس نے خطاب کرکے فلسفہ شہادت عظمیٰ کی وضاحت کی اور معرکہ کربلا کے اہداف ومقاصد کی تشریح کی۔انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران اوررہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (دام ظلہ العالی)کی جانب سے امریکہ و اسرائیل کے خلاف ثابت قدمی، عدم خوف اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا ہی حسینیت کا تقاضا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مظلوم فلسطین و غزہ کے عوام کے حق میں دعا کی اور ان کی آزادی، سربلندی اور ظلم سے نجات کی دعا بھی کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha