حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے مشتہر شدہ محرم پروگرام کے تحت وادی کے طول و عرض میں جلوس ہائے عزاء کی برآمدگی کا آغاز ہوا ہے، اس سلسلے میں آج چوتھی محرم کو ہمدانیہ کالونی بمنہ، عشائی باغ سرینگر اور گنائی دوری سرینگر میں علم شریف کے بڑے جلوس برآمد ہوئے، جن میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔
جلوس ہائے عزاء کے دوران مرثیہ اور نوحہ خوانی کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف خطوں میں ظلم و بربریت کے شکار مظلومین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ہمدانیہ کالونی بمنہ میں جلوس علم شریف کی برآمد ہونے سے قبل مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے حجۃالاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے معرکہ کربلا کے کئی گوشوں کی وضاحت کی اور امام عالی مقام اور ان کے اصحاب و انصار کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ہر دور کے مظلوموں کے حق میں آوازِ حق ہے اور ظالموں کے خلاف مزاحمت کا استعارہ ہے۔
انہوں نے فلسطین و غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی دنیا کے کئی خطوں، خصوصاً غزہ میں یزیدی طرز کے جبر و ظلم کا سامنا ہے، جہاں نہتے فلسطینی عوام پر بے رحم بمباری، محاصرہ اور نسل کشی جیسی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ اس حد تک شدت اختیار کر چکا ہے کہ وہاں کے لوگ، خصوصاً معصوم بچے فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور بنیادی ضروریاتِ زندگی تک سے محروم ہیں۔
آغا مجتبیٰ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی توڑ کر ان مظالم کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے اور فلسطینی عوام کو ان کا حق دلانے میں عملی کردار ادا کرے۔









آپ کا تبصرہ