حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان میثم ملت، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سرزمین بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے۔ جہاں علماء کرام و تنظیمی رفقاء کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
انہوں نے شیعہ علماء کونسل کی جانب سے منعقدہ عظیم الشان "امام حسین (ع) امن و حمایت مظلومین کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے کہا: دنیا بھر میں صیہونی ریاست نے مظلوموں پر جو ظلم و ستم ڈھائے ہیں اب اس کے انجام کا وقت آ پہنچا ہے، ایران پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے، پوری پاکستانی قوم ایرانی مظلوم مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اللہ تعالٰی انقلاب اسلامی ایران اور مملکت خداداد پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

سیکرٹری جنرل نے مزید کہا: ہمیں بلوچستان کا امن انتہائی عزیز ہے اور کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ بلوچستان کے لیے کوئی خودسرانہ رائے قائم کرے۔ بلوچستان، پاکستان کی جان ہے لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بلوچستان میں بلوچوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور انہیں شرپسند عناصر سے نجات دلائے۔
انہوں نے کہا: عزاداری ہمارا شرعی فریضہ اور آئینی و قانونی حق ہے۔ ہم عزاداری پر کوئی قدغن برداشت نہیں کر سکتے لہذا یہاں پر اگر کوئی مسائل ہیں تو محبت و اطمینان سے حل کیئے جائیں۔ ہم اس ملک میں اتحا و وحدت کے بانیوں میں سے ہیں۔ یہاں اس کانفرنس میں ہمارے اہلسنت بھائی بھی موجود ہیں، ہم سب کے حقوق کی بات کرتے ہیں طول تاریخ اس بات کی گواہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سیکرٹری جنرل کے علاوہ بزرگ عالم دین حجۃ الاسلام علامہ جمعہ اسدی، مرکزی نائب صدر زاہد علی زاہدی، صوبائی قائم مقام صدر مولانا مشتاق حسین عمرانی و دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) سے کانفرنس کا اختتام ہوا۔









آپ کا تبصرہ