حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے دورہ سندھ کے دوران خیرپورناتھن شاہ میں شیعہ علماء کونسل تحصیل خیرپورناتھن شاہ ضلع دادو کی جانب سے منعقدہ تحفظ عزاداری کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق شدید گرمی کے عالم میں کارکنان نے محبوب سیکرٹری جنرل کا شاندار استقبال کیا۔ بعدازاں خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس شدید گرمی کے عالم میں آپ تمام عزاداران کا جمع ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ امام مظلوم علیہ السلام کے ماتم اور عزاداری سے محبت اور عشق کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: آپ کے اس عشق حسین علیہ السلام کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی اور روکنے والے اور سازشیں کرنے والے جان لیں کہ اس مرتبہ اگر امام مظلوم علیہ السلام کی عزاداری پر کوئی بھی رکاوٹ ڈالی گئی تو ہم الٹا آپ پر ایف آئی آر درج کروائینگے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا: میں تمام علماء، ذمہ داران سے گذارش کرتا ہوں کہ کسی بھی پولیس آفیسر یا دیگر کے ساتھ تصویر یا سیلفی لینے کی ضرورت نہیں۔ اگر تصویر لینی ہے تو علم حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے ساتھ لیں۔
آخر میں انہوں نے پارا چنار میں ہونے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ذمہ داران کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ پاراچنار کے مسائل پر فوری ہائی الرٹ جاری کیا جائے۔