۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
شیعہ علماء کونسل پاکستان

حوزہ / مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ترجمان نے کہا: محرم الحرام سے قبل ملک بھر بالخصوص صوبہ پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب پولیس کی تمام تر توجہ و کارروائیاں عوام کے بنیادی، شہری، آئینی و قانونی حقوق سلب کرنے پر مرکوز ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مرکزی محرم الحرام کمیٹی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ محرم الحرام سے قبل ملک بھر بالخصوص پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنایا جارہا ہے۔ پنجاب پولیس کی تمام تر کارروائیاں عوام کے بنیادی، شہری، آئینی و قانونی حقوق سلب کرنے کیلئے دھونس دھاندلی، ناروا رویہ، اخلاقیات کی پامالی ، بے چینی اور بے یقینی کی صورتحال پیدا کردی گئی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا:پنجاب کے بعض اضلاع میں تو پولیس کے مخصوص ذہنیت کے حامل افسران و اہلکاروں نے برسوں سے جاری عزاداری کو محدود سے محدود تر کرنے کیلئے انتہائی نامناسب رویہ، دھمکیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعہ خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی ہے جو کسی صورت بھی ملک کی داخلی سا لمیت کیلئے بہتر نہیں ہوسکتی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا: قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اصلاح احوال کا تقاضا کیا ہے۔لہٰذا ارباب اختیار کو متوجہ کیا جارہا ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے غیر آئینی و غیر قانونی، دھونس دھاندلی اور دھمکیوں کا فوری نوٹس لیں اور طے شدہ بنیادی، شہری ، آئینی و قانونی حق عزاداری کے سامنے رکاوٹیں اور قدغنیں ختم کی جائیں۔

انہوں نے عزاداران اور بانیان مجالس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: مومنین کرام کو متوجہ کیا جاتا ہے کہ پنجاب پولیس کے نامناسب اور غیر آئینی و غیر قانونی رویے، دھونس دھاندلی کو اتحاد و اتفاق اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے مسترد کیا جائے۔ نیز ہر گز ہرگز اپنے بنیادی، شہری، آئینی و قانونی حقوق سے دستبردار ہونے کیلئے کسی قسم کی دھمکیوں میں آئے بغیر کوئی شورٹی بانڈز یا تحریر نہ دی جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .