حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل کے صدر حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید تقی رضا عابدی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے رہنماؤں، جنرلوں اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایام ہمارے لیے شدید غم اور سوگ کے ایام ہیں۔ جسمیں اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہنماؤں، اعلیٰ فوجی کمانڈروں، مایہ ناز سائنسدانوں اور نہتے شہریوں کی شہادت، جو صیہونی جارحیت کا نشانہ بنے، ہمارے دلوں کو غم و الم سے لبریز کر دیتی ہے۔ یہ شہداء امت کے وہ قیمتی سرمایہ تھے جنہوں نے اسلامی انقلاب کے اعلیٰ مقاصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شہداء نے ظلم و ستم کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے انکار کیا اور اپنے ایمان، علم اور جرات سے امت مسلمہ کے وقار کو بلند کیا۔ ان کی قربانیاں نہ صرف اسلامی بیداری کا مظہر ہیں بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کے لیے بھی مشعل راہ ہیں۔ مولانا عابدی نے کہا کہ ہم ان شہداء کے اہل خانہ، ایرانی قوم اور پوری امت مسلمہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ شہادتیں ہمارے عزم و حوصلے کو متزلزل کرنے کی بجائے ہمیں مزید متحد، بیدار اور مضبوط بناتی ہیں۔ اسلامی انقلاب کا وہ پرچم جو ان شہداء کے پاک خون سے سرخ ہے، ان شاء اللہ ہمیشہ سربلند رہے گا۔
انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ صیہونی مظالم اور جارحیت کے خلاف متحد ہو کر صدائے احتجاج بلند کریں۔ آج کا وقت اتحاد، بیداری اور ظالم کے خلاف قیام کا متقاضی ہے۔ شہداء کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی شرعی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔ آخر میں مولانا عابدی نے دعا کی کہ: خداوند متعال ان شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے، اور امت مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور استقامت کی توفیق مرحمت فرمائے۔









آپ کا تبصرہ